• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

باﺅلرز کی ناقص کارکردگی کی وجہ کیا ہے؟ وقار یونس نے حیران کن بات کہہ دی

Nov 26, 2019

برسبین (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے باﺅلنگ کوچ وقار یونس نے آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں باﺅلرز کی ناقص کارکردگی کی وجہ ناتجربہ کاری کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ باصلاحیت نوجوان فاسٹ باﺅلرز وقت کے ساتھ سیکھ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وقار یونس نے کہاکہ پاکستانی باﺅلرز تھوڑے ناتجربہ کار ہیں، ایک کا ڈیبیو ہوا اور دوسرے نے صرف 3ٹیسٹ کھیلے ہیں جبکہ تیسرے کا کم بیک ہوا ہے۔ آسٹریلین کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونا بھی مہمان باﺅلرز کیلئے آسان نہیں ہوتا اور اگر ہم نئی گیند سے بہتر باﺅلنگ کرتے تو میچ کی صورتحال مختلف ہوتی۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد عامر اور وہاب ریاض کی خدمات سے محرومی کے بعد خلا پر کرنے کیلئے بہترین دستیاب ٹیلنٹ کا انتخاب کیا، نوجوان فاسٹ باﺅلرز باصلاحیت ہیں، نسیم شاہ ابھی صرف 16سال کے ہیں اور شاہین شاہ بھی 20سال کے نہیں ہوئے، ان دونوں فاسٹ باﺅلرز کے ساتھ محمد حسنین اور محمد موسٰی بھی پاکستان کرکٹ کا مستقبل ہیں،یہ سب وقت کے ساتھ سیکھ جائیں گے اور انہیں انٹرنیشنل معیار پر آنے کیلئے ایک سے دو سال دینا ہوں گے۔