سکردو (نمائندہ خصوصی) پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ مودی کل گجرات کے مسلمانوں کا قاتل تھا اور آج کشمیریوں کاقاتل ہے، قاتل قاتل مودی قاتل ہے ، تاریخ مودی کو صرف قاتل کے طورپر یاد رکھے گی ۔
سکردو میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عوام پریشان ہے کہ کہیں کشمیر پر سودے بازی تو نہیں ہورہی ، میں مودی سے پوچھ رہا ہوں کہ مودی اگر تم نے کشمیریوں کوحقوق دیئے ہیں تو کرفیو اٹھا کر سرینگر میں جلسہ کرو تمہیں پتہ چل جائے گا کہ تمہاری حیثیت کیاہے ؟ تم رائے شماری کرواکے دکھا دو، تمہیں پتہ چل جائیگا کہ کشمیر کے لوگوں کی کیارائے ہے؟ انہوں نے کہا کہ مودی کشمیر میں گھس کردکھا دے جس نے چھ لاکھ فوج سے کشمیر کو جیل بنا کررکھ دیاہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ مودی فوج کے بوٹوں کی دھمک سے آزادی کا جذبہ نہیں چھین سکتا اور نہ ہی لوگوں کے دلوں پر حکومت کرسکتا ہے ۔ پیلٹ گن سے لوگوں کی بینائی تو چھینی جاسکتی ہے لیکن ان کی سوچ پر پہرہ نہیں بٹھایا جاسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کل گجرات کے مسلمانوں کا قاتل تھا اور آج کشمیریوں کاقاتل ہے ، اس موقع پر انہوں نے قاتل قاتل مودی قاتل کے نعرے بھی لگوائے ۔
بلاول بھٹو زرداری نے مودی کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مودی تم کشمیر میں جمہوریت پر بات کیسے کرسکتے ہو جبکہ تم نے جمہوریت کا جنازہ نکال دیاہے؟ مودی کشمیر میں ریفرنڈم کروا کے دیکھ لو، تم کشمیریوں کا جذبہ ختم نہیں کرسکتے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی تاریخ تم کوصرف قاتل کے نام سے یاد رکھے گی ، تم رہبر نہیں رہزن ہو۔ انہوں نے کہا کہ صرف اور صرف جمہوری پاکستان کی قیادت ہی کشمیریوں کو ان کاحق دلا سکتی ہے ،مودی کشمیریوں کورہاکرو،حریت رہنماﺅں کو رہا کرو پھر دیکھو کیا ہوتا ہے؟ ان کا کہناتھا کہ مودی کشمیریوں کاجذبہ حریت کبھی ختم نہیں کرسکتا ۔مودی لیڈر نہیں قاتل ہے کشمیر یوں کا جذبہ حریت ختم نہیں کرسکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کشمیر پر کوئی سودے باز ی قبول نہیں کریں گے ۔