• Thu. Sep 19th, 2024

مودی سرکار کو سب سے بڑا جھٹکا، ہندو پنڈت بھی سڑکوں پر آگئے

Jan 1, 2020

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں مودی سرکار کے غیرانسانی شہریتی ترمیمی بل کے خلاف احتجاج دن بدن بڑھتا جا رہا ہے اور پولیس کا بدترین تشدد بھی مودی سرکار کے کسی کام نہیں آ رہا بلکہ جلتی پر تیل کا کام کر رہا ہے۔ اب مودی سرکار کو ہندو پنڈتوں نے بھی اب تک کا سب سے بڑا جھٹکا دے دیا ہے اور اس متنازعہ بل کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق سینکڑوں پنڈت گزشتہ روز کلتہ کے وسطی علاقے میں جمع ہوئے اور شہریتی ترمیمی بل اور نیشنل رجسٹر آف سٹیزنز کے خلاف احتجاج کیا۔
یہ پنڈت ’پچھم بنگہ سنتن براہمن ٹرسٹ‘ کے زیرانتظام میوروڈ پر مہاتما گاندھی کے مجسمے کے گرد احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے۔ ٹرسٹ کے جنرل سیکرٹری سریدھر مشرا کا کہنا تھا کہ ”ہمیں مودی سرکار کے ان اقدامات پر شدید تحفظات ہیں۔ ان اقدامات کے ذریعے ملک کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بدقسمتی سے سی اے اے اور این آر سی کے ذریعے ایک خاص کمیونٹی کے لوگوں کو نشانہ بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔ آج اگر ایک کمیونٹی کو اس طرح نشانہ بنایا جاتا ہے تو لامحالہ کل باقی کمیونٹیز بھی اس آگ کی لپیٹ میں آئیں گی۔ ہم مرکزی حکومت کو مذہب کی بنیاد پر کسی خاص کمیونٹی کو نشانہ بنانے کی قطعاً اجازت نہیں دیں گے۔“