• Thu. Sep 19th, 2024

کرونا وائرس، حکومت پاکستان نے ڈاکٹروں کی حفاظت یقینی بنانے کے لیے بڑاقدم اٹھالیا

Jan 31, 2020

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)کرونا وائرس سے بچنے کیلئے حکومتی اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔چین سے آنے والی تمام پروازوں کے پاکستان آنے پر پابندی عائد کردی ہے جبکہ کروناوائرس سے مشتبہ شخص کے علاج کیلئے ڈاکٹرز کو مخصوص لباس پہننے کی ہدایت کردی گئی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حکومت نے کرونا وائرس کے علاج کیلئے مخصوص لباس خریدنے کیلئے مختلف کمپنیوں سے رابطہ کرلیا ہے۔ ایک لباس کی قیمت تین ہزار ڈالرز بتائی جاتی ہے جبکہ مخصوص لباس کو صرف ایک بار پہنا جاسکے گا۔قومی ادارہ برائے صحت نے ہدایت کی ہے کہ کوئی بھی ڈاکٹر بغیر خصوصی لباس کے کسی مریض کے قریب نہ جائے ۔
دوسری جانب حکومت نے ایک اور بڑا قدم اٹھاتے ہوئے چین سے آنے والی تمام پروازوں کا سلسلہ روک دیا۔ آئندہ احکامات تک چین سے کوئی پرواز پاکستان نہیں آئے گی۔قبل ازیں ایئرپورٹس پر سکریننگ سسٹم نصب کئے گئے ہیں جبکہ گزشتہ روز پنجاب حکومت نے صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو ہسپتالوں کی مانیٹرنگ کرے گی اور حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے گی۔ یہ کمیٹی وفاق، عالمی ادارہ صحت اور دیگر عالمی اداروں سے روابط کی بھی مجاز ہوگی۔