• Sun. Sep 8th, 2024

سندھ حکومت کا میئر کراچی سے استعفی کا مطالبہ

Aug 28, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز / کراچی) 27 اگست۔۔ سندھ حکومت کے ترجمان مشیر قانون ، ماحولیات و ساحلی ترقی بیرسٹر مرتضی وہاب نے میئر کے ایم سی سے استعفی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وسیم اختر ناکام ہوگئے فوری طور پر استعفی دیں۔ منگل کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت میئرکو دیئے گئے 41ارب کا آڈٹ کروائے گی،نالوں کی صفائی کے لئے دیئے گئے پیسے بھی ٹھیکیداروں کو ادا کردیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ دنوں سے کراچی میں ڈرامے بازی چل رہی ہے، میئر کہتے ہیں کہ میں بے اختیار ہوں، ایشو اختیارات کا نہیں بلکہ نیت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میئر کراچی کو ڈر ہے مسائل کراچی کے حل ہوگئے تو وہ سیاست کیسے کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے 41 ارب روپے پچھلے سالوں میں کے ایم سی کو دئے، اربوں روپے نالے صاف کرنے کے لئے دئیے، افسوس میئر کے ایم سی نے کوئی تیاری نہیں کی بیرسٹر مرتضی وہاب نے کہا کہ مصطفے کمال نے میئر کے ایم سی کا چیلنج قبول کیا مگر میئر وسیم اختر نے راہ فرار اختیار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مصطفے کمال نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ سندھ حکومت نے آپکو اربوں روپے دئیے، مصطفے کمال نے رضاکارانہ کام کرنے کا اعلان کیا، میئر کے ایم سی نے حیرت انگیز نوٹیفکیشن نکالا۔ انہوں نے کہا کہ نوٹیفیکیشن قانونی پیچیدگیاں ہوسکتی ہیں لیکن ہم شہر کے مفاد میں خاموش رہے۔ مرتضی وہاب نے کہا کہ مصطفے کمال نے کام کرنے کی کوشش کی مگر انہیں نہی کرنے دیا گیا، آخر کب تک آپ کراچی والوں کے ساتھ یہ ڈرامہ کرتے رہینگے۔ انہوں کہا کہ پہلے آپ نے ہچیس ارب کے پیکج پر آپ نے کراچی کا سودا کیا۔ بیرسٹر مرتضی وہاب نے علی زیدی کے حوالے سے کہا کہ وفاقی وزیر علی زیدی نے بھی صرف سیاست کی، انکی کوئی حکمت عملی نہیں تھی، نالوں سے گند اُٹھا کر سمندر کنارے اور پارکس جھیلوں میں ڈالا گیا جس سے شہر میں مزید کچرا پھیلا، آج بھی کچرا سمندر کنارے پھینکا جارہا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اس طرح آپ شہر کی خدمت کرنا چاہتے ہیں ؟