• Mon. Sep 16th, 2024

محرم الحرام کا مہینہ ہمیں اتحاد اور عظیم مقصد کے لئے قربانی کا درس دیتا ہے، علماء کرام بین المذاہب اور بین الفرقہ ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ وزیراعلیٰ سندھ

Sep 3, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محرم الحرام کا مہینہ ہمیں اتحاد اور عظیم مقصد کے لئے قربانی کا درس دیتا ہے، مختلف مکتبہ فکر کے علماء کرام ملک میں اتحاد بالخصوص محرم الحرام کے مہینے کے دوران بین المذاہب اور بین الفرقہ ہم آہنگی کو فروغ دیں۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیو سندھ سیکریٹریٹ میں مختلف مکتبہ فکر کے علماء کرام کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید ممتاز شاہ، صوبائی وزیر مذہبی امور ناصر شاہ، صوبائی وزیر محنت سعید غنی، صوبائی وزیر آبپاشی سہیل انور سیال، صوبائی مشیر مرتضی وہاب، آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام، سیکریٹری داخلہ قاضی کبیر، کمشنر کراچی افتخار شہلوانی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں علامہ مقصود حسین ڈومکی، علامہ فرقان حیدر عابدی، مولانا صادق جعفری، علامہ مبشر حسین، علامہ اصغر علی نقوی، علامہ نثار قلندری، مولانا حسین مسعودی، ثروت اعجاز قادری، مولانا اکبر درس، قاری عثمان، علامہ شاہ فیروز الدین قادری و دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلی سندھ نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارگی کا مذہب ہے اور ہمیں برداشت و بلاتفریق ہر ایک کی عزت و احترام کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب نے مل کر شہر میں کامیابی کے ساتھ امن بحال کرنے کے لئے کام کیا ہے اور ہمیں اپنے وزڈم، وژن، ایکشن اور تقاریر سے مشترکہ طور پر کوششیں کرتے ہوئے اسے برقرار بھی رکھنا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد تمام مذہبی اسکالرز اور علماء کرام کو شہر اور صوبہ بھر میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے سندھ حکومت کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے حوالے سے اعتماد میں لینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا تھا، اجلاس میں محرم الحرام کی مجالس و جلوسوں کے لئے ایک تفصیلی سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے، مجھے یقین ہے کہ آپ انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ محرم الحرام کے ایونٹس منعقد کرنے کے سلسلے میں ہر ممکن تعاون کریں گے۔ علماء کرام نے وزیراعلی سندھ کو اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے صوبے بھر میں مجموعی ماحول کو بہتر بنانے کے لئے چند تجاویز بھی دیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ نجی اسپتال ایمرجنسی کی صورت میں کسی بھی مریض کو مناسب طریقے سے نہیں دیکھتے ہیں۔ انہوں نے ڈاکٹر عسکری کی مثال پیش کی جوکہ ایک ٹارگیٹڈ حملے میں گولی لگنے سے زخمی ہوگئے تھے، انہیں پٹیل اسپتال لے جایا گیا تھا جنہوں نے یہ کیس لینے سے انکار کر دیا، بعد ازاں انہیں آغا خان اسپتال لے جایا گیا۔ وزیراعلی سندھ نے چیف سیکریٹری کو ہدایت کی کہ وہ اس کی انکوائری کرائیں اور اس کی رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے تمام نجی اسپتالوں کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ ایمرجنسی کیسز کو دیکھیں۔ وزیراعلی سندھ نے 10 محرم تک تمام مسائل کے حل کے لئے3 وزراء کمیٹی /فوکل پرسن نامزد کئے، ان وزراء میں سید ناصر شاہ، شبیر بجارانی، معاونین خصوصی وقار مہدی اور راشد ربانی شامل ہیں۔ وزیراعلی سندھ نے کے الیکٹرک اور واپڈا اتھارٹیز کو ہدایت کی کہ وہ مجالس اور جلوسوں کے دوران لوڈ شیڈنگ نہ کریں۔ انہوں نے کمشنر کراچی کو مجالس کے روٹس کی صفائی، پانی کی فراہمی اور نکاسی آب کے نظام کو ان اہم دنوں کے دوران بہتر بنانے کی ہدایت کی۔