• Sun. Sep 8th, 2024

مزید بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر سڑکوں کی استرکاری نہیں کی جا سکتی، بارشیں ختم ہوتے ہی سڑکوں پر استرکاری کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ میئر کراچی

Sep 3, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز)میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر میں مزید بارشوں کی پیشنگوئی کے پیش نظر سڑکوں کی استرکاری نہیں کی جا سکتی، بارشیں ختم ہوتے ہی سڑکوں پر استرکاری کا کام شروع کر دیا جائے گا، تاہم فی الحال سڑکوں کو استعمال کے قابل بنایا جا رہا ہے، مختلف علاقوں میں سڑکوں کی مرمت مکمل کر لی گئی، روزانہ کی بنیاد پر کام ہو رہا ہے، سڑکوں پر برساتی نہیں سیوریج کا پانی ہے، محرم الحرام کے حوالے سے واٹر بورڈ کو ہنگامی بنیادوں پر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو نشتر پارک میں علامہ شہنشاہ حسین نقوی سمیت دیگر علمائے کرام اور انتظامیہ سے تفصیلی ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم کیو ایم پاکستان رابطہ کمیٹی کے ممبر زاہد منصوری، چیئرمین ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشن ایسٹ معید انور، ورکس کمیٹی کے چیئرمین حسن نقوی سمیت دیگر منتخب بلدیاتی نمائندے اور افسران بھی موجود تھے۔ ملاقات میں مجالس کے مقامات اور جلوس کی گزرگاہوں پر صفائی کے انتظامات کے حوالے سے گفتگو کی گئی۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا کہ موجودہ وسائل میں ہرممکن انتظامات کررہے ہیں، جن مقامات کی نشاندہی کی گئی وہاں ہنگامی بنیادوں پر صفائی و دیگر انتظامات کروائیں گے اسی لئے یہاں آکر علما سے ملاقات کی ہے، ڈسٹرکٹس نے پہلے ہی تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں مگر بارشوں کے باعث کچھ مسائل پیدا ہوئے ہیں جبکہ مزید بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے، علما نے اور مجالس کے منتظمین نے بھی کئی علاقوں کی نشاندہی کی ہے ہم ہر ممکن کوشش کریں گے کہ جلد ان علاقوں کو کلیئر کریں۔ میئر کراچی نے کہا کہ صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ بھی آئے تھے انہوں نے یقین دلایا ہے کہ سیوریج کے پانی کو صاف کروائیں گے جیسے ہی سیوریج کا پانی صاف ہوجائے گا ہم سڑکوں کی استرکاری کا کام کریں گے، کوشش کر رہے ہیں کہ فوری طور پر جلوس کی گزرگاہوں کو صاف کریں۔