• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

’میں نے اس خاتون کو قتل نہیں کروایا‘ ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق نے نمازیوں کے سامنے مسجد میں قسم اٹھالی

Dec 21, 2019

کوالا لمپور (نمائندہ خصوصی) ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم نجیب رزاق نے مسجد میں نمازیوں کے سامنے قسم اٹھا کر اس منگولین خاتون کے قتل کی تردید کی ہے جو آبدوزوں کی خریداری میں کک بیکس کے کیس کی گواہ تھیں۔
منگولین خاتون التانتو یا شاریبو کو 2006 میں قتل کردیا گیا تھا ، بعد ازاں ان کی لاش فوجی گریڈ پلاسٹک دھماکے میں جل گئی تھی۔ منگولین خاتون 2002 میں آبدوزوں کی خریداری میں کک بیکس کے کیس کی گواہ تھیں، ان کے قتل کے الزام میں 2 پولیس اہلکاروں کوپھانسی دی جاچکی ہے، گزشتہ ہفتے ایک پولیس اہلکار نے بیان دیا تھا کہ انہیں اس قتل کا حکم سابق وزیر اعظم نجیب رزاق نے دیا تھا۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم نجیب رزاق نے جمعہ کی نماز کے بعد مسجد میں موجود ایک ہزار سے زائد نمازیوں کے سامنے قسم اٹھائی۔ انہوں نے نمازیوں سے انتہائی جذباتی قسم کا خطاب کیا ، اس موقع پر ان کی اہلیہ بھی ان کے ساتھ موجود تھیں۔ نجیب رزاق نے مسجد میں نمازیوں کے سامنے قسم اٹھا کر کہا کہ وہ اللہ کے سوا کسی سے نہیں ڈرتے اور مقدس جگہ پر قسم کھا کر کہتے ہیں کہ انہوں نے خاتون کے قتل کا حکم نہیں دیا تھا، یہ ان پر جھوٹا اور بے بنیاد الزام ہے۔ ’ میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر قسم اٹھاتا ہوں کہ میں نے کسی منگولین خاتون کے قتل کا حکم نہیں دیا، میں اس کو جانتا تک نہیں ، اگر میں نے ایسا کیا ہے تو مجھ پر خدا کا عذاب نازل ہو، جو لوگ اس بارے میں مجھ پر الزام لگا رہے ہیں ان پر دونوں جہانوں میں اللہ کی لعنت ہو۔‘
خیال رہے کہ الزام لگنے کے بعد بدھ کے روز نجیب رزاق نے اپنی ایک فیس بک پوسٹ میں کہا تھا کہ وہ خاتون کے قتل کے الزام میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کیلئے جمعہ کی نماز کے بعد نمازیوں کے سامنے حلف اٹھائیں گے۔