کے آصف
سپورٹس اینکر
2019 میں مختلف کرکٹ فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ لینے والے کھلاڑی
دوہزارانیس کا سال کئی سپراسٹار کرکٹرز کا انٹرنیشنل کرکٹ میں آخری سال ثابت ہوا۔ کئی کھلاڑیوں نے مخصوص فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ لےکر اپنےمستقبل کو ایک یا دو فارمیٹ تک محدود کرلیا۔۔ دوہزارانیس میں مجموعی طور پر چودہ کھلاڑیوں نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔
1. شعیب ملک
پاکستان کےتجربہ کار آل راؤنڈر شعیب ملک دوہزارانیس میں ون ڈے کرکٹ میں آخری بار ایکشن میں نظرآئے۔ شعیب ملک نے ورلڈکپ کےبعد ایک روزہ کرکٹ کوخیرباد کہ دیا۔ شعیب ملک نے 20 سالہ ون ڈے کیرئیر میں 287 میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ 7534 رنزبنائے اور 158 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔ شعیب ملک ٹیسٹ کرکٹ سے پہلے ہی ریٹائرہوچکے ہیں جبکہ وہ ٹی ٹوئنٹی کھیلتے رہیں گے۔
2. محمدعامر
پاکستانی فاسٹ باؤلرمحمدعامر نے کرکٹ کےطویل ترین فارمیٹ ٹیسٹ سے کنارہ کشی اختیار کرکے محدود اوورز کےفارمیٹ تک خود کو محدود کرلیا۔ محمدعامر نے 36 ٹیسٹ میچز میں 119 وکٹیں اپنے نام کیں۔
3. یووراج سنگھ
بھارت کےمایہ ناز آل راؤنڈر یووراج سنگھ نے انٹرنیشنل کرکٹ کےدروازے بند کردئے۔ طویل عرصے سےٹیم سےباہر یووراج سنگھ نے ورلڈکپ کےدوران انٹرنیشنل کرکٹ سےریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ یووراج سنگھ نے 40 ٹیسٹ ، 304 ون ڈے اور 58 ٹی ٹوئنٹی میچز میں بھارت کی نمائندگی کی۔ یووراج سنگھ نے ٹیسٹ کرکٹ میں 1900 رنزبنائے اور 9 وکٹیں حاصل کیں۔ ون ڈے کرکٹ میں یووراج سنگھ کےنام پر 8701 رنز اور 111 وکٹیں ہیں۔ جبکہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں یووراج سنگھ نے 1177 رنزاسکور کئے اور 28 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ یووراج سنگھ 2007 میں ورلڈٹی ٹوئنٹی اور 2011 میں ورلڈکپ جیتنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کا حصہ تھے۔
4. امباتی رائیڈو
بھارت کے بیٹسمین امباتی رائیڈو ورلڈکپ اسکواڈ میں نام نہ آنے پردلبرداشتہ ہوئے اور اچانک تینوں فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔ امباتی رائیڈو نے 55 ون ڈے میچز میں 1694 رنزبنائے اور 3 کھلاڑیوں کو بھی آؤٹ کیا۔ رائیڈو نے 6 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 42 رنز اسکور کئے۔
5. وینوگوپال راؤ
بھارت کے ایک اور بیٹسمین وینوگوپال راؤ بھی انٹرنیشنل کرکٹ سےالگ ہوگئے۔ 2005 میں بھارت کےلئے ڈیبیو کرنے والے وینوگوپال راؤ نے 16 ون ڈے میچز کھیلے اور صرف 218 رنزاسکور کئے۔ وینوگوپال راؤ نے بھارت کی طرف سے اپنا آخری میچ 2006 میں کھیلاتھا جسکےبعد انہیں کبھی ٹیم میں شرکت کا موقع نہیں ملا۔
6. ہاشم آملہ
جنوبی افریقا کے اسٹاربیٹسمین ہاشم آملہ 2019 میں انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہ گئے۔ ہاشم آملہ نے 124 ٹیسٹ میچز میں 9282 رنزاسکور کئے۔ 181 ون ڈے میچز میں ہاشم آملہ نے 8113 رنزبنائے جبکہ 44 ٹی ٹوئنٹی میں انہوں نے 1277 رنزبنائے۔
7. عمران طاہر
جنوبی افریقا کےپاکستانی نژاد لیگ اسپنر عمران طاہر نے ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ تک خود کو محدود کرلیا۔ عمران طاہرنے ورلڈکپ کےبعد ون ڈے فارمیٹ سے کنارہ کشی اختیار کی۔ جبکہ وہ ٹیسٹ فارمیٹ سے پہلے ہی ریٹائرہوچکے تھے۔ عمران طاہر نے 107 ون ڈے میچز میں 173 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
8. یوان بوتھا
جنوبی افریقا کےکرکٹر یوان بوتھا کےلئے بھی دوہزارانیس کا سال انٹرنیشنل کرکٹ میں آخری سال ثابت ہوا۔ یوان بوتھا نے دوہزارانیس میں ریٹائرہونے والے سب سے پہلےکھلاڑی تھے۔ انہوں نے رواں سال کےآغاز پرہی انٹرنیشنل کرکٹ سےریٹائرمنٹ کا اعلان کیا۔ بوتھا نے 5 ٹیسٹ میچز میں 17 وکٹیں ، 78 ون ڈے میچز میں 72 وکٹیں اور 40 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 37 وکٹیں حاصل کیں۔
9. جین پال ڈومینی
جنوبی افریقا کے جےپی ڈومینی نے بھی عمران طاہر کےنقش قدم پر چلتے ہوئے ورلڈکپ کےبعد ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہا۔ ڈومینی نے 199 ون ڈے میچز میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کی۔ ڈومینی نے 5117 رنزاسکور کئے جبکہ 69 وکٹیں بھی اپنے نام کیں۔
10. ڈیل اسٹین
مسلسل انجریز کا شکار جنوبی افریقا کے فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین نے محدود اوورز فارمیٹ میں مستقبل بنانے کےلئے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کیا۔ ڈیل اسٹین نے 93 ٹیسٹ میچز میں 439 وکٹیں حاصل کیں۔
11. جیڈڈیرن باک
انگلینڈ کےفاسٹ باؤلرجیڈڈیرن باک نے تینوں طرز کی کرکٹ کو خیربادکہ دیا۔ انگلش فاسٹ باؤلر نے 24 ون ڈے میچز میں 31 اور 34 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 39 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
12. سولومن میرے
زمبابوے کے سولومن میرے بھی دوہزارانیس میں ریٹائرمنٹ لینےوالے کھلاڑیوں میں شامل ہیں۔ سولومن میرے نے 2 ٹیسٹ میچز میں 78 رنزبنائے اور ایک وکٹ حاصل کی۔ 47 ون ڈے میچز میں زمبابوین پلیئر 955 رنزبناسکے اور 12 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرنے میں کامایب ہوئے۔ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں نو میچز میں سولومن میرے کےنام پر 253 رنز اور ایک وکٹ ہے۔
13. نووان کلاسیکرا
سری لنکا کےفاسٹ باؤلر نووان کلاسیکرا نے تینوں فارمیٹ میں انٹرنیشنل کرکٹ مزید نہ کھیلنے کا اعلان کیا۔ کلاسیکرا نے 21 ٹیسٹ میچز میں 48 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 184 ون ڈے میچز میں 199 اور 58 ٹی ٹوئنٹی میچز میں 66 کھلاڑی کلاسیکرا کا شکار بنے۔
14. لاستھ ملنگا
سری لنکا کےاسٹارفاسٹ باؤلر لاستھ ملنگا نے ون ڈے فارمیٹ سے کنارہ کشی اختیار کی۔ ملنگا نے 226 ون ڈے میچز میں سری لنکا کی نمائندگی اور 338 وکٹیں حاصل کیں