• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

’دنیا دیکھ رہی ہے‘،یوکرائنی طیارے کی تباہی پر کینیڈا کی ایران کو تنبیہ

Jan 11, 2020

اوٹاوا(نمائندہ خصوصی)یوکرائنی طیارے کی تباہی پر کینیڈا نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہاہے کہ ’دنیا دیکھ رہی ہے‘ ۔تفصیلات کے مطابق ایران میں یوکرائنی طیارے کو ایران کی جانب سے تباہ کئے جانے کی اطلاعات کے بعد کینیڈین حکومت پر شہریوں کی جانب سے دباو بڑھنے لگا۔
حادثے میں ہلاک ہونے والے کینیڈین شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایران پر سخت پابندیاں عائد کرے۔ اس سے قبل کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی ایران کے خلاف سخت رویہ اپنایا ہے۔
جمعہ کو کینیڈین وزیرخارجہ فرانسس فلپ نے اپنے بیان میں کہا کہ کیا ایران نیک نیتی کے ساتھ معاملے کی تحقیقات کرائے گا؟ انہوں نے کہاعالمی برادی اب شفافیت چاہتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعہ میں ستاون کینیڈین شہری ہلاک ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ تین جنوری کو ایران نے امریکی فوجی اڈوں پر حملہ کیاتھااسی دوران ایک یوکرائنی طیارے کی خبریں بھی موصول ہونا شروع ہوئی تھیں جس پر امریکا اوربرطانیہ نے الزام لگایا تھا کہ طیارہ ایران کی جانب سے ہی گرایا گیا ہے۔
ابتدامیں ایران نے ان الزامات کی تردید کی تاہم اب اس نے اعتراف کرلیا ہے کہ طیارہ انسانی غلطی کی وجہ سے تباہ ہوا۔طیارے میں کل 176افراد سوار تھے جن میں سے ستاون کینیڈین شہری تھے۔ اس پہلے کینیڈین شہریوں کی تعداد ساٹھ سے زیادہ بتائی گئی تھی تاہم وزیرخارجہ کے مطابق ان کے ستاون شہری ہلاک ہوئے۔