تہران(نمائندہ خصوصی)یوکرائنی طیارے کی غلطی سے تباہی کیخلاف ایران میں آج پانچویں روز بھی احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ روز بروز مظاہرین کی تعداد میں اضافہ بھی ہورہاہے۔مظاہروں میں شدت لانے کیلئے سوشل میڈیا کو استعمال کیاجارہاہے ۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق سوشل میڈیا پر ملک بھرمیں لوگوں کو گھروں سے نکلنے اور حکومت مخالف احتجاج کرنے کی ترغیب دی جارہی ہے۔لوگ حکومت کو کرپٹ اورچور قرار دے رہے ہیں۔مظاہروں کی قیادت مختلف یونیورسٹیوں کے طالبعلم کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ مظاہرے ہفتے کواس وقت پھوٹنا شروع ہوئے تھے جب ایرانی حکومت نے سرکاری سطح پر اعتراف کیا کہ اس نے غلطی سے یوکرائن کا طیارہ مارگرایا ہے جس میں موجود تمام 176افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔
حکومت نے طیارے کی تباہی کی وجہ بننے والے متعلقہ حکام کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے انہیں گرفتار بھی کیا ہے جبکہ مظاہروں کو منتشر کرنے کیلئے آنسوگیس کی شیلنگ، ربڑ کی گولیاں چلائے جانے کے علاوہ کئی مقامات پر فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں۔