• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

امریکی حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کے الزام میں 3 افراد گرفتار

Jan 20, 2020

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا میں سفید فاموں کی بالادستی کے خواہاں نسل پرست گروپ کے تین ارکان کو امریکی حکومت کا تختہ الٹنے کے الزامات میں گرفتار کرلیا گیا ہے، ان پر نسل پرستی کیخلاف کام کرنے والے انسانی حقوق کے دو سرگرم کارکنوں کے قتل کی سازش کا بھی الزام ہے۔
پولیس کے مطابق یہ تینوں ملزمان ”دی بیس“ کے ارکان ہیں جس کے بارے میں امریکی استغاثہ کا کہنا ہے کہ یہ سفید فام نسل پرستوں کا ایک انٹرنیشنل نیٹ ورک ہے جو اقلیتوں کیخلاف مجرمانہ حملوں کی ترغیب دیتا ہے۔ پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ گروپ نئے ارکان کو آن لائن بھرتی کرنے اور حکمت عملیاں ترتیب دینے میں شامل رہا جبکہ عسکری کیمپوں میں حصہ لے چکا ہے۔
یہ کیمپس امریکی شہر اٹلانٹا کے شمال مغرب میں واقع سلور کریک کے علاقے میں 100 ایکڑ رقبے پر مشتمل جگہ پر چلائے جارہے ہیں۔ پولیس کے مطابق گرفتار تینوں ملزمان کی عمریں 19 سے 25 برس کے درمیان ہے اور یہ لوگ امریکی ریاست جارجیا میں رہائش پذیر تھے۔پولیس کے مطابق ملزمان امریکی حکومت کا تختہ الٹنے، ریس وار شروع کرنے اور سفید فاموں کی ریاست کے قیام کے خواہاں تھے۔