نیروبی(نمائندہ خصوصی)افریقی ملک کینیا کے ایک سکول میں بھگدڑ مچنے سے 14بچے جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے۔برطانوی اخبار گارڈین کی رپورٹ کے مطابق واقعہ کینیا کے کاکامیگا گاوں میں پیرکو چھٹی کے وقت پیش آیا۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔پولیس نے سکول کو اپنی تحویل میں لے لیا ہے جبکہ تمام اساتذہ سے پوچھ گچھ کی گئی ہے۔غیرملکی میڈیا کی جانب سے جاری کردہ ویڈیوز اور تصاویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لوگوں کی بڑی تعدا د اہسپتالوں کے باہر اپنے بچوں کے بارے میں جاننے کیلئے جمع ہوگئی۔
وزیرتعلیم جارج موگوہا نے چودہ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مرنے والوں میں زیادہ تر گریڈ فائیو کے طالب علم ہیں۔
زخمی بچوں کو طبی امداد کے لئے فوری قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بعض بچوں کی حالت تشویش ناک ہے۔بی بی سی نے مقامی اخبار کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ بھگدڑ کے دوران کچھ بچے اسکول کی تیسری منزل سے نیچے گر گئے جس کے باعث ان کی اموات ہوئی ہیں۔
کینیا کے وزیر اعظم ریلا اوڈینگا نے ٹوئٹر پیغام میں بچوں کے والدین سے دکھ کا اظہار کیا ہے اور زخمی ہونے والے بچوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا بھی کی ہے۔