ٹوکیو(نمائندہ خصوصی)جاپان کے قریب روکے گئے جاپانی بحری جہاز میں پھنسے لوگوں میں کرونا وائرس تیزی سے پھیلنے لگا۔مزید 41لوگوں میں کرونا وائرس کی تشخیص ہوگئی ہے جبکہ کیبنز میں پھنسے ہزاروں افراد اپنی قسمت کے منتظرہیں۔
برطانوی خبررساں ادارے رائٹرز کے مطابق ڈائمنڈ پرنسزنامی اس بحری جہاز پر تقریبا تین ہزار سات سو مسافر سوار ہیں،اور انہیں یوکوہاما کے ساحل پراترنے سے روک دیا گیاہے، کرونا وائرس کے شبے میں ان تمام مسافروں کو چودہ دن تک طبی نگرانی کے عمل سے گزرنا ہوگا۔ کچھ دن پہلے اس جہاز پر صرف ایک شخص میں کرونا وائرس کی اطلاع تھی پھر دس کے ٹیسٹ مثبت نکلے اور اب تعداد بڑھ کر 61ہوگئی ہے۔
رائٹرز کے مطابق اب تک صرف 273افراد کے سیمپل لئے گئے ہیں جبکہ دیگر اپنی باری کے منتظر ہیں، کہا جارہا ہے کیونکہ تمام لوگ ایک ہی شپ پر موجود ہیں اور ہالز اور کمروں میں سانس لینے کی وجہ سے مزید لوگوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
جاپانی وزیرصحت کے مطابق متاثرہ افراد میں سے 41کا تعلق جاپان سے ہے۔متاثرہ افراد کو مزید طبی امداد کیلئے ٹوکیو میں ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔