راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز مڈل آرڈر بلے باز بابراعظم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ون ڈے ٹیم آف دی ائیر میں شمولیت کے بعد خصوصی کیپ وصول کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بابراعظم پاکستان کے واحد کھلاڑی ہیں جنہیں آئی سی سی نے ون ڈے ٹیم آف دی ائیر 2019ءمیں شامل کیا ہیں۔ سابق کپتان اور پاکستان کی جانب سے ون ڈے کرکٹ میں سب سے پہلی سنچری بنانے والے لیجنڈ کھلاڑی ماجد خان نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں بابراعظم کو خصوصی کیپ پیش کی۔
بابراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اللہ کا شکر ادا کیا اور کہا کہ ماجد خان کے ہاتھوں سے کیپ وصول کرنا بہت ہی اعزاز کی بات ہے جنہوں نے ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کی جانب سے پہلی سنچری سکور کی تھی۔ مایہ ناز سابق کپتان ماجد خان نے بھی بابراعظم کی تعریف کی اور کہا کہ وہ بہت ہی زبردست اور متوازن کھلاڑی ہیں جن میں رنز بنانے کی بھوک ہے۔