کابل(نمائندہ خصوصی)امریکا اور طالبان میں معاہدے کا وقت جوں جوں قریب آرہا ہے تمام سٹیک ہولڈرز کی سرگرمیوں میں تیزی آرہی ہے۔ افغانستان میں قیام امن کیلئے اہم کردار اداکرنے اور طالبان کو دفتر کی سہولت دینے والے ملک قطر کا اہم وفد معاہدے سے قبل افغانستان پہنچ گیا ہے۔
جیو نیوز کے مطابق قطرکی وزارت خارجہ کے خصوصی مندوب مطلق بن ماجدالقہطانی کابل پہنچ گئے۔قطری مندوب نے افغان صدراشرف غنی سمیت متعددسیاسی رہنماو ں سے ملاقاتیں کیں۔انہوں نے کہا امریکااور افغانستان میں امن معاہدہ قطری دارالحکومت دوحہ میں ہوگا اور اس تقریب میں مختلف ممالک کے سربراہان اوراقوام متحدہ کی نمایاں شخصیات شریک ہوں گی۔ مطلق بن ماجد القہطانی نے کہا افغانوں کی مشترکہ کوششیں امن مذاکرات کی کامیابی کی کلیدہیں۔
افغان میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے قطری مندوب نے کہا کہ ”معاہدے کی تقریب میں اہم ممالک، سلامتی کونسل کے مستقل اور غیر مستقل اراکین، ہمسائیہ ممالک اور تمام سٹیک ہولڈرز شریک ہوں گے۔وہ تمام ممالک جو افغانستان میں امن عمل کی حمایت کررہے ہیں وہ سب ممالک شریک ہوں گے۔
یاد رہے قطر گزشتہ اٹھارہ ماہ سے امریکااور طالبان کے درمیان مذاکرات کی میزبانی کررہا ہے جبکہ افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان بھی نمایاں کردار اداکررہا ہے۔