کابل(نمائندہ خصوصی)افغانستان میں امن خواب بن گیا۔صوبہ قندوز میں طالبان کے حملے میں سولہ افغان فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ دس کو طالبان نے یرغمال بنالیاہے۔
افغان خبررساں ادارے طولو نیوزنے صوبائی ترجمان فاطمہ عزیز کے حوالے سے بتایا ہے کہ واقعہ باغ شرکت میں پیش آیا جہاں افغان فوج کے سولہ اہلکار لقمہ اجل بن گئے۔یہ حملہ افغان طالبان اور امریکا میں جنگ بندی کے معاہدے کے محض چارروز بعد کیاگیا ہے۔پیر کو طالبان کی جانب سے افغان فوجیوں کیخلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کیاگیاتھا۔
دوسری جانب گزشتہ شب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور افغان طالبان کے رہنما ملا عبدالغنی برادر کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا ہے ۔ وائٹ ہاوس کے مطابق صدر ٹرمپ اور طالبان لیڈر میں پینتیس منٹ تک بات چیت ہوئی جو مثبت رہی۔
یاد رہے کہ امریکا اور طالبان کے درمیان معاہدے میں قیدیوں کی رہائی کی بات بھی شامل تھی تاہم افغان صدر اشرف غنی قیدیوں کی رہائی کے معاملے پرمتفق نہیں ہیں اس لئے پیر کو طالبان نے افغان فوجیوں پر حملے بڑھانے کااعلان کیاتھا۔