واشنگٹن (نمائندہ خصوصی)کورونا وائرس نے قیمتی جانوں کے ساتھ اس وقت عالمی معیشت کو بھی نگلنے شروع کر دیاہے ، وائرس نے کئی ممالک نے روزہ مرہ معمول کو مفلوج کر کے رکھ دیاہے جس کے باعث سفری پابندیوں ، لاک ڈاﺅنز اور پروازوں کے التواءکے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں مسلسل گرتی دکھائی دے رہی ہیں اور آج 2002 کے بعد کم ترین سطح پر آ گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں امریکی خام تیل کی قیمت مزید 24 فیصد کم ہو کر 20.37 ڈالر فی بیرل کی سطح پر آ گئی ہے ، خام تیل کی عالمی قیمت 2002 کے بعد کم ترین سطح پر آن پہنچی ہے ۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ گزشتہ رو ز امریکی خام تیل کی قیمت میں 6 فیصد کمی ہوئی تھی جس کے بعد خام تیل 25 ڈالر 41 سینٹ فی بیرل پر آ گیا تھا تاہم آج اس میں مزید کمی دیکھنے کو ملی ہے ۔ جبکہ دوسری جانب گزشتہ روز برطانوی خام تیل تین فیصد کمی کے بعد 27 ڈالر 85 سینٹ پر آ گیا تھا ۔
بین الاقوامی بینک’ گولڈ مین ساکس ‘نے پیشگوئی کی تھی کہ برطانوی خام تیل میں بیس ڈالر تک مزید کمی متوقع ہے۔اگر ایسا ہوتا ہے تو برطانوی کروڈ آئل 2002کے بعد اٹھارہ سال کی کم ترین سطح پر ہوگا۔عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف دنیا بھرکے ترقی یافتہ ملکوں کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات جنگ عظیم دوم کے بعد کئے گئے سب سے سخت اقدامات ہیں۔ ان دیکھے دشمن سے لڑنے کیلئے عالمی برادری کھربوں ڈالرزجھونک رہی ہے۔