نئی دہلی،کولمبو(نمائندہ خصوصی) بھارت اورسری لنکا نے عالمی وبا قرار دیئے جانے والے کورونا وائرس کی بڑھتی تباہ کاریوں سے نمٹنے کےلئے حفظ ماتقدم کے طور پر پورے ملک میں کرفیو نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
کورونا وائرس سے بچاؤ کے حوالے سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے بھارتی وزیراعظم نے 22مارچ کو “جنتاکرفیو” لگانے کا اعلان کر دیا اور کہا کہ تمام شہری صبح 7 بجے سے رات 9 بجے تک جنتا کرفیو پر عمل کریں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اس دوران تمام شہری گھروں میں رہیں، تمام شہری صرف شدید ضرورت کے وقت باہر نکلیں، 60سے 65 برس کے افراد کچھ ہفتوں تک گھر سے باہر نہ نکلیں۔
قوم سے خطاب کے دوران بھارتی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ 10 سال سے کم عمر بچوں کو بھی گھر ہی پر رہنے کی ہدایت کرتا ہوں۔ ہمیں اپنے آپ کورونا وائرس سے بچانا ہوگا۔ادھر سری لنکامیں بھی کورونا وائرس سے بچاﺅ کیلئے ملک بھر میں کرفیوکااعلان کردیا گیا، کرفیو آج شام 6 سے 23 مارچ صبح 6 بجے تک ہوگا ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھارت نے تمام بین الاقوامی پرازوں کو بھی معطل کرنے کا اعلان کیا تھا اور 22 مارچ سے ایک ہفتے تک کسی بھی بین الاقوامی پرواز کو ملک میں اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔