• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

عمر اکمل کی معطلی کا معاملہ ایسے طریقے سے نمٹنے کا امکان پیدا ہو گیا کہ ٹی 20 ورلڈکپ بھی کھیل سکیں گے، مداحوں کیلئے زبردست خبر آ گئی

Mar 22, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل کی معطلی کا معاملہ ’اگریڈ سینکشنز‘ کے تحت نمٹنے کا امکان پیدا ہو گیا ہے اور ایسا ہونے کی صورت میں وہ چند ماہ کے اندر ہی ہر طرح کی کرکٹ کھیل سکیں گے۔

نجی خبر رساں ادارے جیو نیوز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کوڈ 2.4.4 کی دو بار خلاف ورزی پر عمر اکمل کو نوٹس آف چارج جاری کیا۔ بورڈ نے 17 مارچ کو انہیں یہ نوٹس جاری کیا تھا جس کا 31 مارچ تک جواب دے سکیں گے تاہم اب یہ معاملہ اگریڈ سینکشنزکے تحت نمٹنے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ عمر اکمل دو پیشکشوں سے متعلق پی سی بی اینٹی کرپشن یونٹ کو بروقت آگاہ نہ کرنے کی غلطی تسلیم کر سکتے ہیں اور اگر ایسا ہوا تو اگریڈ سینکشنز پر معاملہ ختم کر دیا جائے گا ۔ پی سی بی نے 2017ءمیں سپاٹ فکسنگ کیس میں فاسٹ باﺅلر محمد عرفان کا کیس بھی اسی طرح نمٹایا تھا جنہیں اپنی غلطی تسلیم کرنے پر چھ ماہ معطلی کی سزا کے ساتھ 10 لاکھ روپے جرمانہ کیا گیا لیکن اگر عمر اکمل نے غلطی تسلیم نہ کی تو پھر یہ کیس اینٹی کرپشن ٹریبونل کو بھجوا دیا جائے گا۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ اگر عمر اکمل کا معاملہ ایگریڈ سینکشنز پر ختم ہو گیا اور انہیں 6 ماہ کی پابندی کا سامنا بھی کرنا پڑا تو وہ آسٹریلیا میں شیڈول ٹی 20 ورلڈکپ سے قبل سزا پوری کر لیں گے جو اکتوبر میں کھیلا جانا ہے۔