• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کرونا وائرس کی وجہ سے قرضوں کا کیا ہوگا، آئی ایم ایف والے ہمارے ساتھ کیا کریں گے؟ مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے سب کچھ بتادیا

Mar 22, 2020

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ کرونا وائرس کے حوالے سے آئی ایم ایف، ورلڈ بینک اور ایشین ڈویلپمنٹ بینک پاکستان کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان اور حکومتی ذمہ داران کی سینئر صحافیوں سے کرونا وائرس بریفنگ کے دوران اینکر پرسن مہر بخاری نے پاکستان کے قرضوں کی شرائط اور آئی ایم ایف کے حوالے سے سوال پوچھا۔ خاتون اینکر پرسن کے سوال کا جواب دیتے ہوئے مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا کہ ہم ایسی صورتحال میں نہیں آئے جو ہمارے ملک کی معیشت کیلئے بہت زیادہ بری ہو، ہم اپنے عالمی تعلقات سے جتنی ممکنہ امداد لے سکیں اور جتنی بہتر شرائط کراسکیں وہ کروا رہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ وہ آئی ایم ایف سے بات کر رہے ہیں کہ کرونا وائرس پر جو بھی اخراجات ہوں گے وہ ہمارے خسارے میں شمار نہیںکیے جائیں گے، اس وائرس کی وجہ سے ریلیف کے حوالے سے بھی آئی ایم ایف نے آمادگی ظاہر کی ہے، ہمیں مزید امدادی رقم کی ضرورت ہوئی تو ہم آئی ایم ایف کے پاس جاسکتے ہیں۔

عبدالحفیظ شیخ نے بتایا کہ کرونا وائرس کے معاملے پر ایشین ڈویلپمنٹ بینک اور ورلڈ بینک نے بھی اتفاق کیا ہے کہ وہ آسان شرائط پر پاکستان کی مالی مدد کریں گے تاکہ ہم اس صورتحال سے اچھی طرح نمٹ سکیں، ہماری کوشش ہے کہ ہم اپنے لوگوں کو کم سے کم تکلیف دیں۔