سکھر (رپورٹ۔امداد علی گل کلوڑ) میونسپل کمشنر سکھر محمد علی شیخ کی جانب سے افسران و عملے میں کورونا وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی سامان تقسیم کیا گیا‘ ایمرجنسی ڈیوٹی دینے والے عملے کو احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کرنے کی بھی ہدایت جاری کیں۔ تفصیلات کے مطابق میونسپل کمشنر محمد علی شیخ نے اسٹور پرچیز آفیسر عابد علی انصاری اور آفس سپرنٹنڈنٹ اسلام الدین شیخ کے ہمراہ بلدیہ اعلیٰ سکھر کی مختلف برانچز بشمول سب آفس میں ایمرجنسی ڈیوٹی انجام دینے والے افسران و عملے سے ملاقات کرکے ان میں کورونا وائرس سے بچاؤ کا حفاظتی سامان ماسک‘ دستانے‘ سینی ٹائزرز وغیرہ تقسیم کئے اور انہیں سختی سے ہدایت بھی کی کہ کورونا سے بچنے کیلئے ڈبلیو ایچ او کی جانب سے جاری کردہ تمام احتیاطی تدابیر پر عملدرآمد کیا جائے‘ کرسیوں میں کم از کم 6 فٹ کا فاصلہ رکھیں‘ ہاتھ ملانے اور ایک دوسرے کو چھونے سے گریز کیا جائے‘ کورونا وائرس سے بچنے کا واحد حل احتیاط ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمرجنسی ڈیوٹی دینے والے عملے کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے‘ اسی لئے میئر سکھر کی ہدایت پر عملے میں حفاظتی سامان تقسیم کیا جارہا ہے۔