اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ جمعرات کے روز پاکستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 24 ہزار 644 ہوگئی ، اس وبا کی وجہ سے اب تک پاکستان میں 585 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاکستان میں کورونا وائرس کے 571 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی وجہ سے کیسز کی مجموعی تعداد 24 ہزار 644 ہوگئی ہے۔ ایک دن کے دوران پاکستان میں کورونا کے سبب 21 افراد جان کی بازی ہارے ہیں جس کی وجہ سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 585 ہوگئی ہے۔ پاکستان میں 6 ہزار 464 افراد اب تک کورونا کی وبا سے صحتیاب ہوچکے ہیں ۔ ایک دن کے دوران پاکستان بھر میں 12 ہزار 196 لوگوں کے ٹیسٹ کیے گئے ہیں جس کے بعد پاکستان میں اب تک ہونے والے ٹیسٹوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 44 ہزار 778 ہوگئی ہے۔
صوبوں کی صورتحال
پاکستان میں ایک بار پھر صوبہ پنجاب کورونا کے سب سے زیادہ مثبت کیسز کے ساتھ پہلے نمبر پر آگیا ہے۔ پنجاب میں اب تک 9 ہزار 195 لوگوں میں کورونا کی تشخیص ہوچکی ہے جبکہ سندھ کورونا کے مثبت کیسز کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر ہے ۔سندھ میں اب تک 9 ہزار 93 لوگوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں کورونا کے 3 ہزار 712 ، بلوچستان میں ایک ہزار 495 ، اسلام آباد میں 521 ، گلگت بلتستان میں 388 اور آزاد جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے 76 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔
عالمی صورتحال
کورونا کی وبا اب تک دنیا کے ہر کونے تک پھیل چکی ہے ، کوئی ملک ایسا نہیں جو اس وبا سے محفوظ رہا ہو۔ دنیا بھر میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 38 لاکھ 54 ہزار 695 ہوچکی ہے جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 2 لاکھ 66 ہزار 129 ہوگئی ہے۔ اب تک دنیا بھر میں 13 لاکھ 17 ہزار 623 افراد کورونا کی وبا سے جان چھڑانے میں کامیاب رہے ہیں۔
سب سے متاثرہ ممالک
دنیا میں کورونا کی وبا سے سب سے زیادہ متاثر امریکہ ہوا ہے جہاں 12 لاکھ 66 ہزار 442 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے۔ سپین میں 2 لاکھ 56 ہزار 855 ، اٹلی میں 2 لاکھ 14 ہزار 457 ، برطانیہ میں 2 لاکھ 1 ہزار 101 ، روس میں 1 لاکھ 77 ہزار 160، فرانس میں ایک لاکھ 77 ہزار 191 ، جرمنی میں ایک لاکھ 68 ہزار 276 ، ترکی میں ایک لاکھ 31 ہزار 744 ، برازیل میں ایک لاکھ 27 ہزار 389 اور ایران میں 1 لاکھ 3 ہزار 135 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
کورونا کی وجہ سے سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی امریکہ میں ہوئی ہیں جہاں اس وبا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 74 ہزار 998 تک پہنچ گئی ہے۔ برطانیہ میں 30 ہزار 76 ، اٹلی میں کورونا کی وجہ سے مرنے والوں کی تعداد 29 ہزار 684،سپین میں 26 ہزار 70 ، فرانس میں 25 ہزار 809 افراد کورونا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔