کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) کورونا وائرس دنیا بھر کی معیشت کو شدید نقصان سے دوچار کر چکا ہے اور اب اس کے اثرات پاکستانی معیشت پر بھی گہرے ہونے شروع گئے ہیں کہ گزشتہ روز سے اس موذی وباءکی وجہ سے ٹویوٹا انڈس نے اپناپروڈکشن پلانٹ بند کر دیا ہے۔ ویب سائٹ پاک وہیلز کے مطابق انڈس موٹر کمپنی کی طرف سے اپنا پلانٹ 5روز کے لیے بند کیا گیا ہے،یہ اقدام پلانٹ پر کام کرنے والے کچھ ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد اٹھایا گیا۔
کمپنی کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ کورونا وائرس کے متعلق حکومت پاکستان نے جو ایس او پیز بنا رکھے ہیں، کمپنی نے بروقت ان پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے کیونکہ اپنے ورکرز اور سٹیک ہولڈرز کا تحفظ ہمیشہ سے کمپنی کی اولین ترجیح رہا ہے۔ بیان میں بتایا گیا کہ کمپنی کی طرف سے متعدد ملازمین کے کورونا وائرس ٹیسٹ کروائے گئے، جن میں ایسے ملازمین بھی شامل تھے جن میں کورونا وائرس کی بظاہر کوئی علامات ظاہر نہیں ہو رہی تھیں۔ ان میں سے چند ملازمین میں ٹیسٹ مثبت آنے پر انتظامیہ نے پلانٹ کو پانچ روز کے لیے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ وائرس کو دیگر ملازمین تک پھیلنے سے روکا جا سکے۔“