کراچی(غلام مصطفے عزیز ) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ کے ڈی اے اسکیموں و ٹاؤن شپس میں انہدامی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے، کارروائی کا عمل100فیصد مطلوبہ نتائج حاصل کرنے تک جاری رکھا جائے گا۔ شہر بھر میں قابضین کے خلاف مثر کارروائی جاری ہے بہت جلد اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے سرجانی ٹاؤن میں واقع کے ڈی اے اسکیموں کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کو واضح ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے اراضیوں پر قابضین کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے قبضہ مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائیں، غفلت کی گنجائش موجود نہیں ہے لہذا غفلت میں مرتکب اور قبضہ میں ملوث افسران وملازمین کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جائے گی۔ افسران کے ڈی اے اراضیوں پر چوکیداری نظام کو فعال رکھیں اور قابضین کی نشاندہی کرکے کارروائی عمل میں لائیں۔ ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر اسپیشل اینٹی انکروچمنٹ سیل قائم کیا جائے گا جس کا مقصد کے ڈی اے کی مزید اراضیوں کو قابضین سے محفوظ رکھنا ہے۔ ایگزیکٹو انجینئر سرجانی ٹاؤن نے ڈی جی کے ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کے ڈی اے اسکیموں کی خصوصی طور پر نگرانی جاری ہے اور قابضین کے خلاف کارروائی کا عمل جاری ہے۔ ڈی جی کے ڈی اے نے متعلقہ ایگزیکٹو انجینئرز کے ڈی اے اسکیموں سمیت سرجانی ٹاؤن میں واقع بھینس کالونی میں کی جانے والی حالیہ پیش رفت کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت جاری کی۔ ڈی جی کے ڈی اے نے ڈائریکٹر پبلک ہاؤسنگ کو احکامات جاری کئے کہ کے ڈی اے فلیٹس،دکانیں، کے ڈی اے اسکیموں و ٹاؤن شپس کی تحریری رپورٹ پیش کی جائے۔ ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ ایگزیکٹو انجینئر سرجانی ٹاؤن، پرسنل اسسٹنٹ آفیسر ندیم زاہد، ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار و دیگر افسران موجود تھے۔