کراچی(غلام مصطفے عزیز) وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی ایک شاندار اور روشن ادارہ رہا ہے، شہر کراچی کے لئے کے ڈی اے کی خدمات اور کام کا معیار ملکی سطح پر تسلیم شدہ ہے، عروس البلاد کراچی کی ترقی میں کے ڈی اے نے تاریخ ساز کردار ادا کیا اور ایک بار پھر کراچی کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کی بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو اپنے بنیادی چارٹرڈ خصوصاً کراچی کی ترقی اور شہریوں کو سستی و رہائشی سہولیات کی فراہمی پر بھر پور توجہ دینی چاہئے، وقت کی اہم ضرورت ہے کہ بکھری سوچوں کو اکٹھا کرکے اور ذاتی مصلحتوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ادارہ اور ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں، اب عملی طور پر اقدامات کرنے بلکہ اختتامی تکمیل تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو کے ڈی اے سوک سینٹر میں بائیو میٹرک سسٹم کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سید ناصر حسین شاہ نے مزید کہا کہ تمام غیرحاضر اور دیر سے آنے والے افسران و ملازمین کو وارننگ لیٹر جاری کئے جائیں جبکہ غیر حاضر اور دیر سے آنے والے افسران و ملازمین کی تنخواہ کاٹی جائے اور ادارے میں بائیو میٹرک سسٹم کے نظام کو مستقل بنیادوں پر فعال کیا جائے، عہدوںپر وہی رہے گا جو کام کرے گا، افسران کام ٹھیک کریں گے توماتحت عملہ بھی خود ہی کام کرے گا، غیر حاضر ملازمین و افسران کے خلاف کارروائی کرکے ادارے کی بہتری اور شہریوں کے مفاد میں بہتر اقدامات اٹھائے جائیں گے، آئندہ ماہ افسران و ملازمین کی تعلیمی اسناد کی ویری فکیشن کی جائے گی ۔ وزیر بلدیات سندھ نے مزید کہا کہ ادارہ ترقیات کراچی کو درپیش مسائل اور ملازمین کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے رواں ماہ میٹنگ بھی رکھی جائے گی جس میں کے ڈی اے کے مختلف امور سمیت دیگر مسائل کے خاتمہ کے لئے مثبت تجاویز پر تفصیلی غورو خوص کیا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا کہ ماضی میں سب سے زیادہ منفی پہلو یہ رہا کہ کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو ترقیاتی کاموں اور عوام کی فلاح و بہبود کے لئے استعمال نہیں کیا گیا جس کے باعث خراب معاشی حالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، اگر ماضی کی غلطیوں کا صحیح ادراک کرکے ان سے بچنے کی کوشش کرتے ہوئے مثبت سمت میں قدم بڑھایا جائے تو کوئی بھی ادارہ کامیابی کی منازل طے کرتے ہوئے تاریخ میں اپنے لئے نام پیدا کرنے کے علاوہ شہریوں کو بھی مشکلات و مسائل سے نجات دلاکر سرخرو ہوسکتا ہے، کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کو مالی طور پر مستحکم کرنے کے لئے حکومت سندھ کا تعاون درکار ہے، امید ہے کہ وزیر بلدیات سندھ کے ڈی اے کو ترقی یافتہ اداروں کی صف میں کھڑا کرنے کے لئے مرکزی کردار ادا کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بائیو میٹرک سسٹم پر سو فیصد عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا، تمام افسران و ملازمین کا بائیوڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کرنے کا عمل جاری ہے جس کا مقصد تنخواہیں بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے ادا کی جاسکیں گی اور غیر حاضر افسران کے خلاف محکمہ جاتی کارروائی کی جاسکے گی۔