• Sat. Jul 5th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

‘ٹرمپ کو سزا نہ دی گئی تو وہ دوبارہ یہ حرکت کر سکتے ہیں’ سابق امریکی صدر کے خلاف گھیرا تنگ

Feb 14, 2021

واشنگٹن(نمائندہ خصوصی) امریکہ کی ڈیموکریٹک پارٹی کا کہنا ہے کہ اگر سابق صدر کو سزا نہ دی گئی تو وہ دوبارہ بھی لوگوں کو تشدد پر اُکسا سکتے ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کے خلاف اس ہفتے امریکی سینیٹ میں جاری ٹرائل میں ممبران نے سابق صدر کو 6 جنوری کے پرتشدد واقعات کا ذمہ دار ثابت کرنے کی کوشش کی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈیموکریٹک ارکان نے سی سی ٹی وی کی فوٹیج اور دیگر شواہد پیش کیے جن سے واضح ہو کہ کانگریس کی عمارت پر چڑھائی کرنے والوں کو صدر ٹرمپ نے اُکسایا تھا۔ اپنے کیس کے حق میں ڈیموکریٹک ارکان نے ہنگامہ آرائی کے عینی شاہدین کی گواہیاں بھی پیش کیں جن میں پولیس، انٹیلی جنس افسران، سرکاری ملازمین اور عالمی میڈیا کا موقف شامل تھا۔استغاثہ نے سابق صدر کے خلاف اپنے دلائل جمعرات کو مکمل کر لیے۔
سابق صدر کے وکلا اور حمایتیوں کا موقف ہے کہ نئی حکومت کی طرف سے ٹرمپ کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور ان کے خلاف الزامات بے بنیاد ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ وہ واحد امریکی صدر ہیں جن کا کانگریس نے چار سال میں دو بار مواخذہ کیا۔
واضح رہے کہ ٹرمپ پر الزام ہے کہ انہوں نے نومبر کے صدارتی الیکشن کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی اور دھاندلی کے غلط الزام لگائے۔ انہوں نے اپنے بیانات اور تقاریر میں اپنے حامیوں کو اشتعال دلایا، جس کے نتیجے میں 6 جنوری کو مسلح مظاہرین نے امریکی کانگریس کی عمارت پر دھاوا بول دیا۔