(عمران خان خیبر پختون خواہ )
شہر میں بین المذاہب ہم آہنگی کی خاطر متحدہ امن کمیٹی کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں. مختلف مذاہب کے مابین اخوت و بھائی چارے کی فضا کو برقرار رکھنے کی خاطر تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کے ساتھ مل کر امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے کام کرینگے. محرم الحرام، چہلم امام حسین، ربیع الاول اور عیدین پر متحدہ امن کمیٹی نے مثبت کردار ادا کیا ہے جس کی جتنی بھی تعریف کی جائے کم ہے، ان خیالات کا اظہار ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی نے ملک سعد شہید پولیس لائن میں حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ کی سربراہی میں آنے والے متحدہ امن کمیٹی کے نمائندہ وفد کیساتھ خصوصی ملاقات کے دوران کیا.
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں ایس ایس پی اپریشنز یاسر آفریدی نے حسین احمد مدنی ایڈوکیٹ کی سربراہی میں آنے والے متحدہ امن کمیٹی کے نمائندہ وفد کے ساتھ خصوصی ملاقات کی. اس موقع پر ایس پی کینٹ محمد طاہر شاہ وزیر، ایس پی سٹی عتیق شاہ خان بھی موجود تھے. حسین احمد مدنی ایڈووکیٹ کی سربراہی میں آنے والے وفد میں عارف یوسف ، خورشید علی اخونزادہ، پنڈت ہری لال، اقبال بھٹی مسیح وغیرہ شامل تھے. اس موقع پر ایس ایس پی اپریشنز نے محرم الحرام، چہلم امام حسین، ربیع الاول, عیدین اور بین المذاہب ہم آہنگی کی خاطر کردار ادا کرنے پر متحدہ امن کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہر میں امن و امان کے قیام کی خاطر ضلعی انتظامیہ اور حکومتی مشینری سمیت تمام مکاتب فکر اور علماء کرام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔
اس موقع پر متحدہ امن کمیٹی کے سربراہان نے بھی شہر میں امن و مان کو برقرار رکھنے کی خاطر پولیس اور دیگر حکومتی اداروں کے ساتھ اسی طرح تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔