سیئول (نمائندہ خصوصی) جنوبی کوریا کی حکومت نے ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن پر اگلے سال سے ٹیکس کے نفاذ کا اعلان کردیا۔
جنوبی کوریا کی وزارت معیشت وخزانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈیجیٹل کرنسی کی تجارت سے حاصل ہونے والی آمدنی پر ٹیکس ادا کرنا ہوگا۔ تجارتی منافع 25 لاکھ کورین وان جو تقریباً دو ہزار 260 ڈالر بنتے ہیں سے تجاوز کرنے پر جنوبی کوریا کے باشندوں کو 20 فیصد ٹیکس ادا کرنا پڑے گا۔
حکومت کی جانب سے بٹ کوائن کو مالی اثاثہ کے طور پر تسلیم کرنے کے بعد یہ نیا اقدام سامنے آیا ہے۔ جنوبی کوریا کے شہریوں کو ہر سال مئی میں ادا کیے جانے والے ٹیکس کے ساتھ بٹ کوائن کی آمدنی پر منافع کی اطلاع بھی دینی ہوگی۔
خیال رہے کہ ایک بٹ کوائن کی قیمت اس وقت 53 ہزار ڈالرز تک پہنچ چکی ہے۔ اس کی قیمت میں اضافہ مین سٹریم انڈسٹریز کی جانب سے اس کے استعمال کی اجازت دینے کے بعد سامنے آرہا ہے، گزشتہ دنوں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا نے بٹ کوائن میں ڈیڑھ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی جس کے بعد اس کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ گزشتہ روز ایک بٹ کوائن کی قیمت 58 ہزار 332 ڈالر سے بھی بڑھ گئی تھی۔