عمران خان خیبر پختون خواہ سے
ناغے پر گوشت کی فروخت پر 10 ہوٹل مالکان گرفتار
فوڈ پوائنٹس مالکان حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنائیں‘ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر
پشاور(پریس ریلیز) محکمہ خوراک کے ناغے کے دن گوشت کی فروخت پر 10 ہوٹل مالکان کو گرفتار کرلیا۔ وزیر اعلیٰ کے مشیر برائے خوراک میاں خلیق الرحمان اور سیکرٹری محکمہ خوراک خوشحال خان کی ہدایت پر راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر کی نگرانی میں اسسٹنٹ فوڈ کنٹرولرز تسبیح اللہ‘ واجد علی اور فوڈ انسپکٹر محسن نثار نے کوہاٹ روڈ پر مختلف علاقوں میں ہوٹلوں میں چیکنگ کی جہاں پر روشن کبابی‘ نیو کوئٹہ چمن ہوٹل‘ حسین کبابی‘ فرنٹیئر وزیرستان ہوٹل اور دیگر میں ناغے کے دن گوشت کی فروخت کی جا رہی تھی جس پر محکمہ خوراک کے افسران نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 10 ہوٹل مالکان کو گرفتار کر کے متعلقہ تھانوں میں مراسلے جمع کردیئے۔ راشننگ کنٹرولر پشاور آفتاب عمر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے ناغے کے دن گوشت کی فروخت پر پابندی عائد کی جا چکی ہے جس کی خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ فوڈ پوائنٹس مالکان حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنائیں جبکہ خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ خوراک حکومتی احکامات پر ہر صورت میں عملدرآمد کو یقینی بنائیگا اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائیگی۔