ماسکو (نمائندہ خصوصی)روس کے ہسپتال میں عین اس وقت آگ بھڑک اٹھی جس وقت آپریشن تھیٹر میں ڈاکٹروں کی ٹیم مریض کی اوپن ہارٹ سرجری میں مصروف تھی لیکن ڈاکٹروں نے پرواہ نہ کرتے ہوئے مریض کی جان بچانے کو ترجیح دی اور آپریشن جاری رکھا جبکہ فائر فائٹرز باہر سے آگے کے ساتھ لڑتے رہے ۔
تفصیلات کے مطابق ہسپتال میں آتشزدگی کا واقہ روس کے شہر ”بلیگوشچینسک“ میں پیش آیا ، ہسپتال میں آگ بھڑکنے کے باعث دھواں ہی دھواں پھیل گیا تھا اور اس دوران 60 مریضوں کو باہر نکالا گیا ، لیکن آٹھ ڈاکٹروں پر مشتمل ٹیم مریض کی اوپن ہارٹ سرجری میں مصروف تھی جسے جار ی رکھا گیا ۔کارڈیو سرجری کے ہیڈ ’ ویلنٹائن فیلاٹوو ‘ نے کہا کہ ہم نے اس مریض کی زندگی بچانی تھی اور اس کیلئے ہم نے ہر ممکن کام کیا ۔ وزارت کی جانب سے بتایا گیاہے کہ آپریشن تھیٹر کو الگ کیبل کے ذریعے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی گئی تھی جبکہ فائر بریگیڈ کا عمل باہر سے آگ بجھانے کیلئے مصروف عمل تھا تاکہ آگ آپریشن تھیٹر تک نہ پہنچے ،آپریشن مکمل ہونے کے بعد مریض کو فوری طور پر دوسرے ہسپتال منتقل کیا گیا ۔
بتایا گیاہے کہ آگ ممکنہ طور پر بجلی کے شارٹ سرکٹ کے باعث لگی ہے جس پر قابو پا لیا گیا تھا اور کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا ۔مقامی انتظامی نے دوران آتشزدگی آپریشن جار ی رکھنے اور مریض کی جان بچانے پر ڈاکٹرز کو انعام دینے کا اعلان کر دیاہے ۔