سیئول (نمائندہ خصوصی) شمالی کوریا نے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے ٹوکیو اولمپکس میں حصہ نہیں لے گا۔
شمالی کوریا کی وزارت کھیل کے زیر انتظام چلائی جانے والی ایک ویب سائٹ نے بتایا ہے کہ یہ فیصلہ 25 مارچ کو قومی اولمپک کمیٹی کے اجلاس کے دوران کیا گیا جس میں کھلاڑیوں کو کورونا وائرس کی وجہ سے عالمی سطح پر صحت عامہ کے بحران سے بچانے کو ترجیح دی گئی۔
منگل کے روز جنوبی کوریا کی وزارت اتحاد نے شمالی کوریا کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسے امید ہے کہ ٹوکیو اولمپکس شمالی اور جنوبی کوریا کے تعلقات کو بہتر بنانے کا موقع فراہم کریں گے۔ جو واشنگٹن اور پیانگ یانگ کے مابین بڑے ایٹمی مذاکرات میں تعطل کا شکار ہوکر رہ گیا ہے۔