پشاور (عمران خان ) کپیٹل سٹی پولیس آفیسر عباس احسن نے گزشتہ روز ملک سعد شہید پولیس لائن پشاور میں امامیہ جرگہ کے نمائندہ وفد سے خصوصی ملاقات کی ہے، ملاقات کے دوران چیف ٹریفک پولیس آفیسر عباس مجید خان مروت، ایس پی کینٹ محمد طاہر شاہ وزیر، ایس پی سٹی عتیق شاہ،کینٹ و سٹی ڈویژن کے ایس ڈی پی اوز اور دیگر پولیس افسران نے شرکت کی، اس موقع پر سی سی پی او عباس احسن نے وفدکو شہر ٰ میں کئے گئے سکیورٹی انتظامات سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا کہ حضرت علی رضہ کے یوم شہادت کے موقع پر صوبائی دارالحکومت پشاور میں امن و امان کی فضاء بر قرار رکھنا اولین ترجیح ہے، انہوں نے کہا کہ شہر میں فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کے تحت بی ڈی یواور سنیفر ڈاگز ٹیموں سمیت تمام اونچے عمارتوں پر ماہر نشانہ باز تعینات کئے جائیں گے، انہوں نے مزید کہا کہ شہر میں اضافی پویس اہلکاروں سمیت ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کی خاطر ٹریفک پولیس کی جانب سے بھی خصوصی انتظامات کئے جائیں گے جبکہ اسی طرح سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکاروں سمیت اندرون شہر پولیس گشت میں اضافہ بھی کیا جائے گا، سی سی پی او نے کہا کہ سکیورٹی کو فول پروف بنانے کی خاطر تمام مجالس اور جلوسوں کی سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے نگرانی بھی کی جائے گی
جنرل سیکرٹری امامیہ جرگہ بریگیڈئیر (ر) سرتاج کی سربراہی میں آنے والے وفد میں اخونزادہ مظفر، فرزند علی، آغا ابراہیم اور سید ناصر علی کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے سی سی پی او عباس احسن نے امامیہ جرگہ کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن اور بھائی چارے کی فضاء کو فروغ دینے میں امامیہ جرگہ نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ یوم علی رضہ اور دیگر مذہبی تقاریب کے پر امن انعقاد کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ باہمی مشاورت کی جارہی ہے جبکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے فوری نمٹنے کی خاطر حکومتی مشینری اور دیگر اداروں کے ساتھ رابطے میں ہیں
سی سی پی او نے شرکاء مجالس اور دیگر عزاء داری کی تقاریب میں پولیس جوانوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرنے اور کرونا ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی یقینی بنانے کی تاکید کی، آخر میں شہر میں امن و امان کے قیام اور ملک و قوم کی سلامتی کے لئے خصوصی دعا بھی کی گئی، شرکاء نے اس موقع سکیورٹی انتظامات پر پشاور پولیس کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حکومتی مشینری، پولیس جوانوں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی