• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

نمک منڈی بازار سے تجاوزات ختم کرنے کیلئے تین دن کی ڈیڈلائن

Jun 3, 2021

خیبر پختونخواں (عمران خان)پشاور چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے نمک منڈی بازار سے تجاوزات ختم کرنے کیلئے تاجروں کو تین دن کی ڈیڈلائن دیدی۔ اس سلسلے میں گزشتہ روز مرکزی تنظیم تاجران کے صدر ملک مہر الٰہی کی قیادت میں تاجروں کے وفد نے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت سے ٹریفک ہیڈ کوارٹر میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نمک منڈی بازار کے تاجر یونین کے عہدیدار بھی موجود تھے۔ ملاقات میں نمک منڈی بازار سے تجاوزات ختم کرنے کے حوالے سے بات چیت کی گئی جس پر تاجر رہنماء ملک مہر الٰہی نے نمک منڈی بازار سے تجاوزات رضا کارانہ طور پر ختم کرنے کی یقین دہانی کرائی اور تجاوزات خاتمے کے لئے وقت دینے کا کہا جس پر چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت نے رضاکارانہ طور مستقل اور عارضی تجاوزات ختم کرنے کے لئے تین دن کی ڈیڈلائن دیدی اور کہا کہ ڈیڈ لائن کے ختم ہوتے ہی تجاوزات مافیا کے خلاف آپریشن کیا جائے گا جبکہ دوبارہ تجاوزات قائم کرنے پر تحویل میں لیا جانیوالا سامان ٹرمینل منتقل کرنے سمیت بھاری جرمانے عائد کئے جائیں گے۔ چیف ٹریفک آفیسر نے کہا کہ تجاوزات کی وجہ سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے جو کسی صورت قبول نہیں ہے جبکہ مرتکب افراد کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے ٹریفک حکام اور وارڈنز کو ہدایت کی کہ وہ شہر بھر میں تجاوزات مافیا پر نظر رکھیں اور اس سلسلے میں کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائیوں میں غفلت اور کوتاہی برتنے والے ٹریفک اہلکاروں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس موقع پر تاجر رہنماء ملک مہر الٰہی نے چیف ٹریفک آفیسر عباس مجید خان مروت کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تاجر برادری سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے ساتھ شہر کی خوبصورتی یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن تعاون کرے گی۔
ترجمان شھاب خان سٹی ٹریفک پولیس پشاور