اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 0.61 فیصد کمی ریکارڈ ہوئی ہے، سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی مجموعی شرح 16.12 فیصد کی سطح پر آگئی۔
ادارہ شماریات نے مہنگائی کے حوالے سے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کردیئے ہیں۔ایک ہفتے میں بیس اشیاءئے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ اور سات اشیا کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ ہوئی جبکہ چوبیس اشیاءکی قیمتیں مستحکم رہیں، ادارہ شماریات کی جانب سے جاری مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق ٹماٹر 2 روپے، لہسن9روپے، پیازایک روپیہ فی کلو مہنگےہوئے، انڈے فی درجن 148 سے بڑھ کر 151 روپے کے ہو گئے، دودھ کی فی لیٹر قیمت میں بھی ایک روپیہ کا اضافہ ریکارڈ ہوا، چینی کی فی کلو قیمت میں بھی 3 پیسے کا مزید اضافہ ریکارڈ ہوا، گڑ اور مٹن کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا،گذشتہ ہفتے کی دوران ایل پی جی سلنڈر 246 روپے مہنگا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے چکن کی فی کلو قیمت میں 46 روپے کی کمی ہوئی، گزشتہ ہفتے کے دوران کیلا فی درجن 14 روپے سستے ہوئے، دال مونگ کی فی کلو قیمت4، آٹے کا تھیلا 8 روپے سستا ہوا، دال چنا 20 پیسے اور دال ماش 30 پیسے فی کلو سستی ہوئی،چائے کی پتی،پٹرول، ماچس و دیگر کی قیمتوں میں استحکام رہا۔