لاہور(نمائندہ خصوصی) مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی قانونی ٹیم کی جانب سے فیڈر ل انویسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے )کے بھیجے گئے سوالنامے کے جوابات تیار کرلئے گئے۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق قانونی ٹیم کی جانب سے جوابات میں لکھا گیا ہے کہ کال اپ نوٹس میں جو الزمات لگائے گئے انکا بلواسطہ یا بلاواسطہ کوئی تعلق نہیں،جو انکوائری نیب کر چکا ہے ایف آئی اے وہی دوبارہ کر رہا ہے،سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے، رمضان شوگر مل انکوائری نیب پہلے ہی مکمل کر چکا ہے۔
شہباز شریف کی جانب سے کہا گیا ہے کہ رمضان شوگر مل کے مالی اور انتظامی معاملات سے کوئی تعلق نہیں، حمزہ شہباز، سلمان شہباز کاروباری معاملات میں خود مختار ہیں، جب سے پبلک آفس ہولڈر بنا کسی بھی کاروبار سے کوئی تعلق نہیں۔
اپوزیشن لیڈر کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے تفتیشی ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل کا دوبار دورہ کیا،تحقیقاتی ٹیم کے تمام سوالات کے جواب دے چکا ہوں، ایف آئی اے کی مبینہ طور پر 6 ماہ خاموشی قابل تشویش ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن لیڈرشہبازشریف کوشوگر سکینڈل میں ایف آئی اے نے آج طلب کررکھا ہے۔
شہباز شریف کی ایف آئی اے میں طلبی، اپوزیشن لیڈر کی قانونی ٹیم نے سوالوں کے جواب تیار کرلئے
