میکسیکو سٹی(مانیٹرنگ ڈیسک) میکسیکو کے ڈرگ لارڈ ایل چاپو کو دنیا کا طاقتور ترین منشیات سمگلر خیال کیا جاتا ہے جس پر اب تک کئی فلمیں بن چکی ہیں۔ اس کے گینگ کا نام ’سینالوا‘ (Sinaloa)ہے جس نے دہائیوں سے میکسیکو میں ظلم و بربریت کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ گزشتہ دنوں سینا لوا کے کارندوں نے ایک مخالف گینگ کے کارندوں کو ایسے انجام سے دوچار کر دیا کہ دیکھ کر انسانیت لرز اٹھی۔ ڈیلی سٹار کے مطابق سینا لوا کے کارندوں نے مخالف گینگ ’جالسکو نیو جنریشن‘ کے تین کارندوں کو پکڑ لیا اور ان سے تفتیش کرتے رہے۔
تفتیش کے دوران ان تینوں پر ہر ممکن طریقے سے تشدد کیا گیا اور پھر انہیں قتل کرنے کے بعد ان کی ادھ ننگی لاشیں ایک پل کے نیچے لٹکا دیں، جو پولیس نے آ کر اتاریں۔ان تینوں لاشوں کے سر پر بیگ چڑھائے گئے تھے۔یہ ہولناک واقعہ میکسیکن ریاست زیکاتیسکس کے شہر فریسنیلو میں پیش آیا ہے۔ اس علاقے میں سینالوا اور جالسکو نیوجنریشن کے درمیان طویل عرصے سے مخاصمت چلی آ رہی ہے اور آئے روز دونوں گینگ ایک دوسرے کے کارندوں کو بھی ہولناک طریقے سے موت کے گھاٹ اتارتے آ رہے ہیں۔دونوں گینگز کی لڑائی کی سب سے بڑی وجہ امریکہ جانے والے منشیات سمگلنگ کے راستوں پر قبضہ کرنا ہے۔