• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

امریکہ نے سعودی عرب سے اپنا ایئرڈیفنس یونٹ نکالنے کی تیاری پکڑلی

Jun 23, 2021

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)افغانستان سے مکمل فوجی انخلاءکے اعلان کے بعدامریکہ نے مشرق وسطیٰ میں بھی اپنے فوجیوں اور ایئرڈیفنس یونٹس کی تعداد کم کرنی شروع کر دی۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق وال سٹریٹ جرنل نے اپنی ایک رپورٹ میں یہ انکشاف کیا تھا کہ امریکہ سعودی عرب سمیت مشرق وسطیٰ سے اپنے فوجی اور ایئرڈیفنس یونٹس واپس نکال رہا ہے، جس کی اب امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون کی طرف سے تصدیق کر دی گئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر جوبائیڈن ایران کے ساتھ کشیدگی کم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور مشرق وسطیٰ میں امریکی فوج اور جنگی سازو سامان کی تعداد کم کرنا اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ وال سٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ امریکہ اپنی افواج اور اینٹی میزائل بیٹریز لنک عراق، کویت، اردن اور سعودی عرب سے نکال رہا ہے۔
اس کے علاوہ سعودی عرب میں نصب امریکہ کا اینٹی میزائل سسٹم ’تھاڈ‘ (THAAD)بھی وہاں سے نکالا جا رہا ہے۔اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے پینٹاگون کی ترجمان کمانڈر جیسیکا مکنلٹی نے کہا ہے کہ ”ان میں سے کچھ یونٹ دیگر ممالک میں پہنچائے جا رہے ہیں اور کچھ مینٹی نینس کے لیے واپس امریکہ لائے جا رہے ہیں۔“
کہا جا رہا ہے کہ امریکہ اب چین کو ایشیاءپیسفک خطے میں سب سے بڑا خطرہ تصور کر رہا ہے، چنانچہ اب وہ افغانستان اور مشرق وسطیٰ سے فوج اور جنگی سازو سامان کو نکال کر دیگر ایسے ممالک میں پہنچا رہا ہے جہاں سے وہ ایران اور افغانستان کی بجائے چین پر توجہ مرکوز رکھ سکے۔