• Sun. Jul 6th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

” پہلے کبھی کسی سفیر کے اہلخانہ پرائیویٹ ٹیکسی میں نہیں گئے، افغان سفیر کی بیٹی نے ٹیکسی خود بک کی، مدد کرنے والے ڈرائیور کو 500 روپے انعام بھی دیا”

Jul 18, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پاکستان میں تعینات افغانستان کے سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے بعد تشدد کا نشانہ بننے کے معاملے پر وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا موقف بھی آگیا۔
نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے مطابق شیخ رشید نے کہا ہے کہ افغان سفیر کی بیٹی نے خود ٹیکسی بک کی تھی، اس سے پہلے کسی سفیر کے اہلخانہ کے یوں پرائیویٹ ٹیکسی ہائر کرنے کا واقعہ پیش نہیں آیا۔ پہلے کہا گیا کہ ٹیکسی موبائل فون سے بک کرائی گئی لیکن پھر کہا گیا کہ فون گھر پر تھا، ایک موقف یہ بھی آیا کہ مبینہ اغوا کار موبائل فون اپنے ساتھ لے گیا۔
وزیر داخلہ کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے واقعے میں دو ٹیکسیوں کا ذکر ہے۔ ایک ٹیکسی وہ ہے جس میں تشدد کیا گیا جب کہ دوسری وہ ٹیکسی ہے جس نے افغان سفیر کی بیٹی کی مدد کی۔ اس ٹیکسی ڈرائیور کو 500 روپے انعام بھی دیا گیا۔ دوسرے ٹیکسی ڈرائیور کو ٹریس کرلیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں، مزید کارروائی افغان سفیر کی بیٹی کے تحریری بیان پر کی جائے گی۔ فی الحال اس واقعے کا کوئی دوسرا پہلو نظر نہیں آتا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان سفیر کی بیٹی کو اس وقت اغوا کیا گیا تھا جب وہ اپنے چھوٹے بھائی کیلئے تحفہ خریدنے اسلام آباد کے بازار میں گئی تھی۔ ایک شخص نے لڑکی کو اغوا کرکے اسے کئی گھنٹے تک تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اسے ہاتھ پاؤں باندھ کر ایک سڑک پر پھینک دیا گیا۔