• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

کیمیکل فیکٹر ی میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ درج، ابتدائی رپورٹ کمشنر کراچی کوارسال

Aug 28, 2021

کراچی(نمائندہ خصوصی)گزشتہ روز کورنگی مہران ٹاون میں کیمیکل فیکٹر ی میں ہونے والی آتشزدگی کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ فیکٹری میں آگ لگنے اور ہلاکتوں پر ڈپٹی کمشنر نے کمشنر کراچی نوید شیخ کو ابتدائی رپورٹ بھی ارسال کردی۔
نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق فیکٹر ی میں آگ لگنے کے واقعے کا مقدمہ تھانہ کورنگی انڈسٹریل ایریامیں مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں بلڈنگ اورفیکٹری مالک،مینجراورسپروائزرکونامزد کیا گیا ہے جبکہ فیکٹری کے 2 چوکیداربھی مقدمے میں نامزد کئے گئے ہیں۔
دوسری جانب نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق فیکٹری میں ریسکیو آپریشن مکمل کرلیا گیا ہے اور کمشنر کراچی نوید شیخ کو ابتدائی رپورٹ بھی ارسال کردی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ فیکٹری میں کیمیکل کی موجودگی کے باعث آگ تیزی سے پھیلی، ایمرجنسی ایگزٹ نہ ہونے سے ہلاکتیں بڑھیں اور انتظامات نہ ہونے کے سبب مزدوروں کی دم گھٹنے سے موت واقع ہوئی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چھت پر موجود دروازے پر تالہ لگا ہوا تھاجسے توڑنے کی کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی اور کھڑکیوں پر لگی گرل کو توڑنے کی کوشش بھی ناکام رہی۔
رپورٹ کے مطابق افسوسناک واقعے میں سولہ افراد جھلس کرجاں بحق ہوئے جبکہ ایک شخص فیکٹری کے باہردل کا دورہ پڑنے سے چل بسا۔