• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

دھماکہ، راکٹ حملہ یا امریکہ کا فضائی حملہ، دراصل کابل ایئر پورٹ کے قریب ہوا کیا ہے؟

Aug 30, 2021

کابل (نمائندہ خصوصی) افغانستان کے دارالحکومت میں ایئر پورٹ کے قریب رہائشی علاقے میں دھماکہ ہوا جس کے بارے میں متضاد اطلاعات موصول ہوتی رہیں تاہم اب اس حوالے سے تصدیق ہوگئی ہے کہ جس کو دو الگ الگ واقعات بیان کیا جا رہا ہے وہ دراصل ایک ہی واقعہ ہے۔
غیر ملکی میڈیا نے سب سے پہلے یہ خبر دی کہ کابل ایئر پورٹ کے قریب رہائشی علاقے میں دھماکہ ہوا ہے جس میں ایک گھر نشانہ بنا ہے۔ اس کے بعد اطلاعات آئیں کہ کابل کی پولیس ڈسٹرکٹ 15 میں راکٹ سے حملہ کیا گیا۔ بعد ازاں امریکی خبر ایجنسی ایسوسی ایٹڈ پریس نے کہا کہ امریکہ نے کابل میں فضائی حملہ کیا ہے جس کی طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی تصدیق کی اور کہا کہ اس میں داعش کے خود کش حملہ آور کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
اب امریکی میڈیا سے یہ اطلاعات سامنے آئی ہیں کہ دھماکہ، راکٹ اور فضائی حملہ دراصل ایک ہی واقعہ ہے جس کے بارے میں حکام نے اب تصدیق کردی ہے۔
امریکی حکام کے مطابق امریکہ نے کابل میں داعش کے خود کش حملہ آوروں کی گاڑی کو نشانہ بنایا ہے جس میں ایک سے زائد خود کش بمبار ہلاک ہوئے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ امریکہ نے ڈرون حملہ کیا جس سے دھماکہ ہوا اور گاڑی تباہ ہوئی لیکن اس کے بعد بھی دھماکے ہوئے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ گاڑی میں بارودی مواد اور ایک سے زائد حملہ آور موجود تھے۔
امریکی سینٹ کام کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انہوں نے اپنے دفاع میں کابل میں فضائی حملہ کیا جس میں داعش کے جنگجوؤں کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ یقین ہے کہ کامیابی کے ساتھ ہدف کو نشانہ بنیا ہے۔ داعش کی جانب سے کابل ایئر پورٹ پر حملے کا خطرہ تھا۔ حملے میں فی الحال کسی عام شہری کی ہلاکت کا پتہ نہیں ہے۔
افغان میڈیا کے مطابق امریکہ کی جانب سے کیے گئے ڈرون حملے میں گاڑی اور گھر تباہ ہوئے۔ واقعے میں ایک بچے سمیت چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔
خیال رہے کہ جمعرات کو داعش کی جانب سے کابل ایئر پورٹ پر دھماکے کیے گئے تھے جن کے نتیجے میں طلوع نیوز کے مطابق 180 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ واقعے کے بعد امریکہ کی جانب سے افغانستان میں یہ دوسری فضائی کارروائی ہے۔ اس سے قبل جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ننگر ہار صوبے میں امریکہ نے ڈرون حملہ کیا تھا جس میں امریکی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے کابل ایئر پورٹ پر حملے کے ماسٹر مائنڈ کو ہلاک کیا ہے۔