• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

جیل کے اندر قیدیوں کے دو گروپوں میں بموں اور جدید اسلحے سے لڑائی، 8 کے سر قلم، مجموعی ہلاکتیں اتنی زیادہ کہ پورا ملک ہل کر رہ گیا

Sep 30, 2021

کوئٹو(مانیٹرنگ ڈیسک) جنوبی امریکہ کے ملک ایکواڈور کی ایک جیل میں قیدیوں کے دو گروپوں میں خونریز لڑائی کے دوران 29قیدی موت کے گھاٹ اتر گئے۔ ڈیلی سٹار کے مطابق یہ لڑائی ایکواڈور کے شہر گوایاکوئیل کی جیل میں ہوئی جہاں دو گینگز کے لوگ قید تھے۔ ان جرائم پیشہ لوگوں کے پاس جدید اسلحہ اور دستی بم تھے، جن سے انہوں نے ایک دوسرے پر حملہ کیا اور جیل میں تباہی مچا دی۔
رپورٹ کے مطابق اس لڑائی میں 8قیدیوں کے سر دھڑ سے الگ کرکے انہیں موت کے گھاٹ اتارا گیا۔ لڑائی میں 42سے زائد قیدی زخمی بھی ہوئے۔ گوایا کوئیل کی اس جیل کے علاوہ ایکواڈور کے شہروں کوئنکا اور لاٹاکنگا کی دو جیلوں میں بھی اسی نوعیت کی جھڑپیں ہوئیں۔ ان تینوں جیلوں میں مجموعی طور پر 75لوگ ہلاک ہوئے۔
تینوں جیلیں پیر کے بعد دو روز تک انتظامیہ کے کنٹرول سے باہر رہیں، تاہم پولیس کی بھاری نفری کی بدولت ایک بار پھر جیلوں پر کنٹرول حاصل کر لیا گیا ہے اور پولیس کی مدد کے لیے فوج کو بھی ان جیلوں میں تعینات کر دیا گیا ہے۔ایکواڈور کے صدر کا کہنا ہے کہ تینوں جیلوں میں ہونے والے فسادات میں جرائم پیشہ گینگز ملوث ہیں۔