• Fri. Jul 4th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سکول ہاکی لیگ کی پروقار تقریب مطیع اللہ ہاکی اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقد ہوئی

Oct 11, 2021

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)سکول ہاکی لیگ کی پروقار تقریب مطیع اللہ ہاکی اسٹیڈیم بہاول پور میں منعقد ہوئی جس میں جنوبی پنجاب کے 11اضلاع کی گرلز اینڈ بوائز ہاکی ٹیموں نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس اور صوبائی وزیر سپورٹس رائے تیمور بھٹی نے بحیثیت مہمانانِ خصوصی تقریب میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈعدنان ارشد اولک، اولمپئین سمیع اللہ خاں، سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور مہار، ڈپٹی کمشنربہاول پور عرفان علی کاٹھیا، رہنما پاکستان تحریک انصاف اصغر جوئیہ، سمیرا ملک، عذرا شیخ، شہلا احسان، اختر عباسی ایڈووکیٹ سمیت سپورٹس شائقین بڑی تعداد میں موجود تھے۔ صوبائی وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سپورٹس سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات تعلیم کے ساتھ ساتھ کھیلوں پر بھی توجہ دیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل زندگی میں نظم و ضبط لاتا ہے نوجوان کھیلوں کے میدان آباد کریں۔ انہوں نے سکول ہاکی لیگ جنوبی پنجاب کے انعقاد پر سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور مہار کی کاوشوں کو سراہا۔ صوبائی وزیر سپورٹس رائے تیمور بھٹی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سکول ہاکی لیگ جنوبی پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ ساؤتھ پنجاب کا شاندار اقدام ہے اس سے ہاکی کے کھیل کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے وژن کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں سپورٹس کے شعبہ کو فروغ دینے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ قومی کھیل ہاکی پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور صوبہ بھر میں گراؤنڈز بنائے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان نسل کو کھیلوں میں حصہ لینے کے زیادہ سے زیادہ مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ صوبہ بھرمیں 25 ہاکی گراؤنڈز میں آسٹروٹرف بچھانے کے ساتھ ساتھ لائٹس کی تنصیب کا عمل بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں سپورٹس سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے ہفتہ میں دو مرتبہ سپورٹس پیریڈ شروع کیے جا رہے ہیں۔ اولمپئین اور سکول ہاکی لیگ جنوبی پنجاب کے سفیر سمیع اللہ خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان نسل کھیلوں میں حصہ لیں اور اپنے شاندار کھیل سے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ تقریب سے ڈائریکٹر جنرل پنجاب سپورٹس بورڈ عدنان ارشد اولک نے بھی خطاب کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب سپورٹس بورڈ کھیلوں کے فروغ کے لیے سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے شانہ بشانہ کام کرے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سپورٹس سرگرمیوں میں اضافہ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ سیکرٹری سکول ایجوکیشن جنوبی پنجاب ڈاکٹر احتشام انور مہار نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں ہاکی کھیلنے کی روایات کودوبارہ بحال کیا جارہا ہے تاکہ آنے والے دنوں میں عالمی سطح کے کھلاڑی پیدا ہوں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ سکول ہاکی لیگ جنوبی پنجاب کے انعقاد سے نوجوانوں کا پوشیدہ ٹیلنٹ ابھر کر سامنے آئے گا اور وطن عزیز کو دوبارہ ہاکی کا عروج حاصل ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے11اضلاع میں موجود سکولوں کے طلباء کی332ٹیمیں اور طالبات کی97ٹیمیں سکول ہاکی لیگ میں شریک ہیں۔ انہوں نے مزیدبتایاکہ سکول ہاکی لیگ کے تیسرے فیز میں بین الاضلاعی مقابلہ جات میں 12ٹیمیں، بہاول پور کے ”براق“، بہاول پور کے ”نواب“، بہاول نگر کے ”برق رفتار“، رحیم یارخاں کے ”یاران“، ملتان کے ”مشاق“، لودھراں کے ”جوان“، خانیوال کے ”خطرناک“، وہاڑی کے ”کھلاڑی“، ڈیرہ غازی خاں کے ”غازی“، مظفر گڑھ کے ”نڈر“ لیہ کے ”لعل“ اور راجن پور کے ”رستم“ شامل ہیں۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیانے خطبہ استقبالیہ پیش کیا اور شرکائے تقریب کا شکریہ ادا کیا۔