بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے )صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر میاں شوکت علی لالیکا نے کہا ہے کہ آنحضورؐ وجہ تخلیق کائنات ہیں اور دنیا میں رحمت اللعالمینؐ بنا کر بھیجے گئے۔ ہم دین و دنیا میں کامیابی آپؐ کی سیرت مبارکہؐ پر عمل کر کے حاصل کر سکتے ہیں۔
وہ آج یہاں ڈپٹی کمشنر آفس بہاول پور کے کمیٹی روم میں منعقدہ اجلاس میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کی تقریبات اور اس سلسلہ میں کئے گئے انتظامات کا جائزہ لے رہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا، ڈی پی او بہاول پور محمد فیصل کامران، صدر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز حافظ محمد یونس، علامہ عبد الرزاق شائق، علامہ ریاض احمد اویسی، احسان اللہ راحت، مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام،رہنما پاکستان تحریک انصافسید تحسین نواز گردیزی، ملک عثمان چنڑ، سمیرا ملک، دیگر سیاسی و سماجی رہنما اور مختلف محکموں کے افسران موجود تھے۔ صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر نے کہا کہ آنحضورؐ کی حیات طیبہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ آپؐ تمام جہانوں کے لئے رحمت اللعالمینؐ ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپؐ سے محبت ایمان کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام امن، اتحاد اور بھائی چارہ کا درس دیں تاکہ ملک دشمن عناصر کے ناپاک ارادے خاک میں مل جائیں۔انہوں نے عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے مختلف پروگراموں کی تفصیلات سے آگہی حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ ربیع الاول کے جلوس کے سیکورٹی انتظامات فول پروف بنائے جائیں۔ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ حکومت کی ہدایت کے مطابق عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر میں سکول، کالجز، اسلامیہ یونیورسٹی اور دیگسر اداروں میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ کے حوالہ سے مقابلہ حسن قرأت، نعت خوانی، تقاریر کے مقابلے منعقد کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ تقریبات میں سول سوسائٹی کے افراد، سیاسی و سماجی کارکنان اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن کے سبزہ زار میں ڈویژنل سیرت کانفرنس منعقد ہو گی۔ 8ربیع الاول کو چیمبر آف کامرس میں سیرت ؐ کانفرنس کا انعقاد ہو گا۔انہوں نے بتایا کہ 12ربیع الاول کو ڈی سی آفس کے سبزہ زار میں شان رحمت اللعالمینؐ کی شاندار تقریب منعقد کی جائے گی اور بہاول جم خانہ میں محفل سماع ہو گی۔ اجلاس میں ڈی پی اومحمد فیصل کامران نے بتایا کہ ربیع الاول کے جلوس کے موقع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عامر نذیر کھچی نے ضلع بھر میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ تقریبات کی تفصیلات بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں صدر چیمبر آف کامرس حافظ محمد یونس، علامہ عبد الرزاق شائق، علامہ ریاض احمد اویسی، احسان اللہ راحت، سید تحسین نواز گردیزی، فقیر حبیب الرحمن اختر نے اپنے اپنے خطاب میں عشرہ شان رحمت اللعالمینؐ تقریبات کے انعقاد پر حکومت پنجاب کی کاوشوں کو سراہا۔