بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے )خصوصی افراد کے مسائل اور ان کے حل کے لیے ضلعی سطح پر قائم کمیٹی کا اجلاس ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ان کے دفتر کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد عذیر، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122 باقر حسین، اسسٹنٹ چیف منیجر طارق عزیز، اے ایم ایس بہاول وکٹوریہ ہسپتال ڈاکٹرشاہ رخ، ایڈیشنل ڈائریکٹر کالجز محمد حامد مشتاق، انجمن تاجران کے نمائندگان،بصارت سے محروم افراد کے نمائندگان ڈاکٹر انیس الرحمان، عثمان سعید، حسان انیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ خصوصی افراد کے مسائل کاحل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد خاص طور پر بصارت سے محروم افراد کے مسائل مقامی طورپر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خصوصی افراد کے ملازمیوں کے حصول کے لیے تین فیصد کوٹے پر عمل درامد اور بھرتی کے لیے تمام محکمہ جات سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں اور جلد ہی بھرتی کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ15 / اکتوبر سفید چھڑی کے تحفظ کے عالمی دن کو ضلعی سطح پر بھرپور طریقے سے منایا جائے گا۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر محمد عذیر نے اجلاس میں بتایا کہ پرائیویٹ اسٹیبلشمنٹ میں بھی خصوصی افراد کے3فیصد کوٹے پر بھرتی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ضلعی بیت المال کمیٹی سے135خصوصی افراد کو675000/- روپے کی مالی امداد کی جا چکی ہے۔ اس کے علاوہ مختلف سرکاری محکمہ جات میں بصار ت سے محروم30 افراد ڈیلی ویجرز کے طور پر کام کررہے ہیں۔ اجلاس میں بصارت سے محروم افراد کے نمائندگان ڈاکٹر انیس الرحمان اور عثمان سعید نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔