بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)پاکستان پیپلزپارٹی ڈویژن بہاول پور کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کو مہنگائی کا مورد الزام ٹھہرانے والے حکومتی ترجمان اپنے گربانوں میں جھانکیں جن کے وزیراعظم نے ہر مہینے بجلی گیس اور ہر 15 دن بعد پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کو وطیرہ اور مہنگائی بڑھانے کو مشغلہ بنا رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے ان عوام دشمن اقدامات کی بدولت مہنگائی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبوں سمیت گلگت بلتستان و آزادکشمیر کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے اور ان مہنگائی کی طوفانی لہروں کی بدولت پی ٹی آئی کا تین سالہ سیاہ ترین دور حکومت پوری قوم پر عذاب بن کر گزرا ہے۔انہوں نے کہاکہ پریشان حال عوام بدمست حکمرانوں کو مزید ایک دن کے لیے بھی برداشت کرنے کو تیار نہیں مگر عمران نیازی خوش فہمی میں مبتلا ہے اور چور دروازے سے دوبارہ اقتدار ہتھیانے کی راہیں تلاش کر رہا ہے مگر پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں کٹھ پتلیوں حکمرانوں کا ہر حربہ ناکام بنائے گی۔انہوں نے کہاکہ آئندہ بلدیاتی الیکشن میں مہنگائی و بے روزگاری کے ستائے عوام تحریک انصاف کے امیدواروں کی ضمانتیں تک ضبط کروا دیں گے اور جنرل الیکشن میں تو تحریک انصاف کا کوئی ٹکٹ لینا بھی گوارہ نہیں کرے گا۔ملک شاہ محمد چنڑ نے کہاکہ پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عوام کے بہترین مفاد میں معاشی و اقتصادی پالیسیاں بنائیں جن کے ثمرات کی بدولت نوجوانوں کو روزگار بھی ملا اور کسان ،مزدور اور غریب عوام خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوئے جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بینظیر مزدور کارڈ کا اجرا پیپلزپارٹی کے سنہری کارناموں میں سب سے نمایاں ہیں۔