بہاولپور(نویداقبال چوہدری سے )کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن محمدظفر اقبال کی زیر صدارت کرونا ویکسینیشن مہم، انسداد ڈینگی، پرائس کنٹرول اور گرداوری کارکردگی بارے طویل اجلاس منعقد ہوا۔ ویڈیو لنک اجلا س میں ڈپٹی کمشنر بہاولپور عرفان علی کا ٹھیا، ڈپٹی کمشنر رحیم یارخان نعمان یوسف، ڈپٹی کمشنر بہاولنگر کیپٹن (ر)محمد وسیم سمیت متعلقہ محکموں کے افسران شریک ہوئے۔ کمشنر بہاولپور ڈویژن کیپٹن محمدظفر اقبال نے ہدایت کی کروناویکسینیشن مہم (RED)کے اہداف مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں اور کوئی فرد کرونا سے تحفظ کی ویکسینیشن سے محروم نہ رہے۔ انہوں نے کہا کہ REDمہم کے دوران گھر گھر جاکر ویکسین لگائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم کے دوران بہاولپورڈویژن میں 32لاکھ 12ہزار 632افراد کو کرونا ویکسین کے انجکشن لگائے جائیں گے اور اب تک 5لاکھ 70ہزار سے زائد افراد کو اس مہم کے دوران انجکشن لگائے جاچکے ہیں۔ اجلاس میں ڈینگی کی صورتحال بارے جائز ہ لیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈینگی سے متاثرہ افراد کیلئے ضلع بہاولپور کے ہسپتالوں میں 80بیڈز، ضلع بہاولنگر میں 85بیڈزاور رحیمیارخان کے ہسپتالوں میں 75بیڈٖز مختص کئے گئے ہیں۔ اسی طرح ڈویژن بھر کی 348یونین کونسلوں میں 554ٹیمیں ڈینگی لاروا کی مانیٹرنگ اور تلفی کے عمل میں شریک ہیں۔ کمشنر بہاولپور کیپٹن محمدظفر اقبال نے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزں اور گراں فروش کے خلاف مہم میں تیزی لائی جائے اور اشیاء خوردونوش حکومت کے مقررہ کردہ نرخوں پر دستیاب کرنے کیلئے تمام تر اقدامات بروئے کار لائے جائیں۔