خانیوال (نمائندہ خصوصی) سیکرٹری صحت جنوبی پنجاب نادر چٹھہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب میں لوگوں کو صحتِ عامہ کی معیاری او ربروقت سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ جنوبی پنجاب کے تمام اسپتالوں میں فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لینے کے لیے جنوبی پنجاب کے تمام مراکز ِ صحت کے اچانک دورے کروں گا۔ یہ باتیں انہوں نے ضلع خانیوال میں مختلف مراکز کادورہ کرتے ہوئے کیں۔ انہوں نے بنیادی مرکز صحت مولاپوراور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتال کبیر والا کے دورہ کے دورہ سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نادرچٹھہ نے ادویات کی دسیتابی، خصوصی کورونا ویکسینیشن مہم ((RED،ڈاکٹروں و پیرا میڈیکل اسٹاف کی حاضری، اسپتالوں میں صفائی کی صورتحال سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا۔ سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نے اسپتالوں میں علاج معالجہ کے لیے آنے والے لوگوں سے فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بھی استفسار کیا۔نادر چٹھہ، سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نے دورہ کے دوران کہا کہ لوگوں کو صحت ِ عامہ کی سہولیات کی فراہمی حکومتِ پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو صحت کی معیاری اور بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین لازمی لگوائیں تاکہ کورونا وباء سے نجات حاصل کی جاسکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کورونا ایک عالمی وباء ہے جس نے پوری دنیا کو سماجی اور معاشی لحاظ سے بہت زیادہ متاثر کیا ہے۔ کورونا ویکسینیشن مکمل کروا کر اور محکمہ صحت کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر پوری طرح عملدرآمد کرکے ہی کورونا وباء سے نجات ممکن ہے۔ دورہ کے دوران ایڈیشنل سیکریٹری ڈویلپمنٹ و فنانس محکمہ صحت جنوبی پنجاب غلام صغیر شاہد، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب ڈاکٹر خلیل سکھانی اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
بعد ازاں سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نادر چٹھہ نے ڈپٹی کمشنر آفس خانیوال میں ڈپٹی کمشنر آغا ظہیر شیرازی کے ہمراہ کورونا ویکسینیشن کی خصوصی مہم (Reach Every Door-RED)، ڈینگی سے بچاؤ کے اقدامات، انسدادِ پولیو اقدامات اور دیگر متعلقہ امور بارے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا ویکسینیشن مہم پر خصوصی فوکس کیا جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ ضلع میں 12سال کی عمر سے زائد کوئی بھی ویکسینیشن مکمل کرائے بغیر باقی نہ رہے۔ انہوں نے چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی خانیوال کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع کے تمام اسپتالوں میں سروس ڈیلیوری کی بہتری کے ساتھ ساتھ اسپتالوں کی خوبصورتی اور تزین و آرائش پر بھی خصوصی توجہ دی جائے۔ لوگوں کے لیے تمام مراکز ِصحت میں بیٹھنے اور پینے کے صاف پانی کی وافر فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اور اس بات کا خصوصی طور پر خیال رکھا جائے کہ تمام مراکز صحت میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ افسران دفاتر میں بیٹھنے کی بجائے سروسر ڈیلیوری کی مانیٹرنگ کریں۔ سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نے مزید کہا کہ جنوبی پنجاب میں صحت عامہ کی سہولیات کی فراہمی میں کوئی بھی غفلت اور سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر خانیوال آغا ظہیر شیرازی نے سیکریٹری صحت جنوبی پنجاب نادر چٹھہ کو ضلع میں انسدادِ کورونا، ڈینگی، پولیو اور محکمہ صحت کے دیگر اقدامات بارے تفصیلی بریفنگ دی۔
جنوبی پنجاب میں لوگوں کو صحتِ عامہ کی معیاری او ربروقت سہولیات کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھوں گا۔ نادر چٹھہ
