بہاول پور (نویداقبال چوہدری سے ) پاکستان پیپلزپارٹی بہاول پور ڈویژن کے سیکرٹری اطلاعات ملک شاہ محمد چنڑ نے کہا ہے کہ کٹھ پتلی وزیراعظم نے بجلی اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھا کر بذات خود ہی حکومتی ریلیف پیکج کی دھجیاں اڑا دی ہیں جبکہ حکومتی اعداد و شمار کے مطابق مسفید ہونے والے دو کروڑ عوام بھی حیران و پریشان ہو کر ریلیف پیکج کی راہ تک رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ریاست مدینہ کی پیروی نام نہاد دعویدار عمران نیازی دو کروڑ عوام کو ریلیف پیکج کے نام پر لولی پاپ جبکہ 18 کروڑ عوام کو تواتر کے ساتھ مہنگائی کے سمندر میں غوطے لگوا کر تکلیفوں میں مبتلا کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ تباہی سرکار کا بجلی کی قیمت میں 1.68 روپے کا جھٹکا لگانا مرے کو مارے شاہ مدار کے مترادف اقدام ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔انہوں نے کہاکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار اقتدار پر نالائیقوں و منحوسوں کا ٹولہ براجمان ہوا ہے جسے اہل وطن سے کوئی ہمدردی نہیں وہ صرف دونوں ہاتھوں سے قومی دولت لوٹنے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہاکہ نااہل حکومت پیٹرولیم مصنوعات بھی سعودی عرب سے ادھار لے رہی ہے جبکہ اربوں ڈالر ائی ایم ایف سے قرض بھی لے رہی ہے، تعمیر و ترقی کا پیہ بھی جام کر رکھا ہے،پوری قوم ہر طرف سے تکلیفوں میں گھری ہے مگر کٹھ پتلی وزیراعظم کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی اور وہ بھنگ کاشت کرانے میں مصروف ہے جبکہ انکے ناعاقبت اندیش فیصلوں کی بدولت ملک میں مہنگائی کی طوفانی لہروں نے ہر مکتبہ فکر کو اپنی لپیٹ لے لیا ہے جس لگتا ہے کہ نااہل وزیراعظم غریب عوام کے خون کا آخری قطرہ بھی نچوڑنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر عوام کی خیرخواہ جماعت پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں بھرپور سراپا احتجاج ہے اور تاریخی مہنگائی کے اس کرنٹ ایشو کو پارلیمان میں اٹھایا ہے جبکہ پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتیں میں اضافہ واپس لینے کے ساتھ فوری طور قیمتیں کم کرنے تک سڑکوں پر احتجاج کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمران آئی ایم ایف کے دباو پر پیٹرول، بجلی اور گیس قیمتیں بڑھا کر ملک و قوم کو تاریکیوں میں دھکیل رہے ہیں اور ملکی معیشت کا بیڑا غرق کر چکے ہیں جبکہ منہگائی اور بے روزگاری سے تنگ غریب عوام خود کشیوں پر مجبور ہیں۔