• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

دنیائے کرکٹ کے عظیم فاسٹ باؤلر مائیکل ہولڈنگ کے اعزاز میں عشائیہ،آئی جی ہاؤس میں تقریب کا انعقاد

Oct 3, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے دنیائے کرکٹ کے عظیم فاسٹ باؤلر مائیکل ہولڈنگ کے اعزاز میںآئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام کیجانب سے آئی جی ہاؤس میں عشائیہ دیا گیا۔ بدھ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اس موقع پر معروف کمینٹیٹر اور فری لانس کرکٹر بیری ولکنسن بھی ان کے ہمراہ تھے ۔آئی جی سندھ نے مہمانانِ گرامی کی آمد پر ان سے مصافحہ کیا اورانتہائی گرمجوشی سے استقبال کیا۔آئی جی سندھ نے مائیکل ہولڈنگ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں آپکا بہت بڑا مداح ہوں اور آج یہاں آپکی ہمارے درمیان موجودگی اور آمد نا صرف میرے لیئے بلکہ سندھ پولیس کے افسران کے لیئے بھی باعث مسرت و افتخار ہے ۔آئی جی سندھ نے کہا کہ پاکستان اور سندھ میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی جب بھی تاریخ کا حصہ بنے گی تو اس میں سری لنکن کرکٹ ٹیم،پاکستان سپرلیگ میں کھیلنے والے انٹر نیشنل کرکٹرز کیساتھ ساتھ سابقہ عظیم کرکٹرز اور آج کے کمینٹیٹرز کے نام بھی سرفہرست ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس صوبے اور باالخصوص مرکزی شہروں میں ہونیوالے تمام چھوٹے بڑے ایونٹس کھیلوں کے مقابلوں اور باالخصوص کرکٹ کے میگا ایونٹس کے موقع پر بین الاقوامی طرز اور معیار کی سیکیورٹی فراہم کرنے میں انتہائی پرعزم رہتے ہوئے مستعد اور متحرک ہے ۔ مائیکل ہولڈنگ نے پروقار تقریب عشائیہ کے انعقاد اور عزت افزائی پر آئی جی سندھ اور دیگر سینئر پولیس افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگوں کا پیاراور خلوص اورکرکٹ سے جنون کی حد تک انکی محبت دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے میں میلوں اور قوسوںدور رہتے ہوئے بھی اپنے ہی وطن اور وطن کے لوگوں کے درمیان موجود ہوں۔انکا کہنا تھا کہ یہاں کے لوگ کرکٹ سے بے حد پیار کرتے ہیں اورکرکٹرز کا احترام اورانکی پذیرائی ایک فرض کے طور پر کھلے دل کے ساتھ کرتے ہیں۔میں دنیائے کرکٹ کے کھلاڑیوں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ پاکستان آئیں اور یہاں شائقین کرکٹ اورکرکٹرز کے مداحوں کا جوش وخروش دیکھیں اور سب سے بڑھ کر یہاں کے لوگوں میں احساس تحفظ اوراپنے ملک کے سیکیورٹی اداروں پر اعتمادکو دیکھیں۔پاکستان ایک پرامن ملک اورصوبہ سندھ امن کی دھرتی ہے ۔سری لنکن کرکٹ ٹیم کی اس سیریز سے مجھے قوی اُمید ہے کہ پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کی راہیں بتدریج ہموار ہونگی اور ایک دن ایسا بھی آئیگا جب بین الاقوامی کھلاڑی اس ملک میں آکرکھیلنا اپنے لیئے باعث اعزاز سمجھیں گے ۔عشائیہ میں معروف کرکٹرز شاہد خان آفریدی،فیصل اقبال کے علاوہ اسکواش کے سابقہ عالمی چیمپیئن جہانگیر خان،کمینٹیٹرز مجاہد چشتی،سکندر بخت، یحییٰ حسینی،مرزا اقبال بیگ نے شرکت کی جبکہ پولیس افسران میں ایڈیشنل آئی جی اسٹیبلشمنٹ اینڈ ٹریننگ،ایڈیشنل آئی جیز کراچی، سی ٹی ڈی،اسپیشل برانچ،ڈی آئی جیز ایسٹ، ویسٹ و دیگر بھی موجود تھے۔